واشنگٹن (جدوجہد رپورٹ) امریکہ میں بائیں بازو کے تقریباً ایک درجن سیاسی کارکنوں کو گرفتارکر لیا گیا ہے جو اٹلانٹا کے قریب پولیس کے ایک زیر تعمیر تربیتی مرکزپرسرکاری پالیسیوں کے خلاف مظاہرے کر رہے تھے۔ پولیس نے ان مظاہرین کودہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
گرفتار ہونے والے ان 23 کارکنوں کا تعلق امریکہ کے مختلف علاقوں سے ہے جب کہ ایک کا تعلق کینیڈا سے اور ایک کا فرانس سے ہے۔
امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلان ٹا کے نواح میں ایک وسیع وعریض جنگل کاٹ کر پولیس مرکز تعمیر کیا جا رہا ہے اور لیفٹ کی کچھ تحریکیں ماحولیاتی تباہ کاریوں، فوجی طرز پرپو لیس کی تنظیم نو اورکارپوریشنز کی فنڈنگ سے اس مرکز کی تعمیر کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔
یہ علاقہ کچھ عرصے سے پولیس اور بائیں بازو کی تحریکوں کے درمیان جھڑپوں کا مرکز بنا ہوا ہے اور اس سال جنوری میں یہاں پولیس کے ہاتھوں ایک سیاسی کارکن ہلاک ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے کارکن نے پولیس پر حملہ کیاتھا جس کے بعد جوابی فائرنگ کی گئی لیکن سیاسی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھی کی ہلاکت پر امن احتجاجیوں کے کیمپ پر پولیس کے حملے کے نتیجے میں ہوئی تھی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (AP) کے مطابق پولیس کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ زیر تعمیرمرکز میں گاڑیاں اور تعمیری میشینوں میں آگ لگی ہوئی ہے۔ پولیس نے الزام لگایا ہے کہ مظاہروں میں شامل احتجاجی کارکن آتش گیربوتلوں اور پتھروں سے پولیس مرکز پر حملہ آور ہوئے تھے۔