لاہور(جدوجہد رپورٹ) روزنامہ’جدوجہد‘کے زیر اہتمام یکم ستمبر کو،پاکستانی وقت شام 8 بجے، ’امید کا محور:ایران،افغانستان اورپاکستان میں خواتین کی جدوجہد‘ کے عنوان سے ایک عالمی ویبینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ویبینار میں پاکستان سے فرزانہ باری، افغانستان سے سحر صبا اور ایران سے فریدہ آفرے بطور مقرر شرکت کریں گی۔
فرزانہ باری عوامی ورکرز پارٹی پاکستان کی نائب صدر ہیں۔حقوق نسواں کی نامور کارکن اور معروف سکالر ہیں۔انہوں نے پاکستان میں صنفی مطالعہ کے لئے پاکستان میں پہلی چئیر کی بنیادرکھی۔ایک لمبے عرصے سے خواتین کے خلاف گھریلو تشدد اور بچوں کے خلاف جنسی تشدد کے خلاف مہم میں متحرک ہیں۔
سحر صبا جمعیت انقلابی زنان افغانستان (راوا) کی سابق ترجمان ہیں۔ وہ اب یورپ میں مقیم ہیں اور پیشے کے اعتبار سے سکول ٹیچر ہیں۔سحر صبا نے قانون (ایل ایل بی، لندن یونیورسٹی)،میڈیا (ایم اے،اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز،لندن)اور ٹیچنگ (لولیو یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی،سویڈن) کی تعلیم حاصل کی ہے۔بطور ’راوا‘ کارکن، وہ پاکستان میں قائم مہاجر کیمپوں اور افغانستان میں لڑکیوں کے خفیہ اسکول چلانے میں تنظیم کی مدد کرتی رہی ہیں۔
فریدہ آفرے نے فلسفے کے علاوہ لائبریری سائنسز میں ایم اے کیا ہے۔وہ لاس اینجلس میں مقیم ہیں۔ پیشے کے اعتبار سے لائبریرین ہیں۔وہ مترجم اور سیاسی کارکن ہیں۔’سوشلسٹ فیمن ازم: اے نیو اپروچ‘ (پلوٹو پریس: 2022) کی مصنفہ ہیں۔وہ Iranian Progressives in Transition اور socialistfeminism.org نامی بلاگ چلاتی ہیں۔
اس ویبینار کو مدیر جدوجہد فاروق سلہریا ماڈریٹ کریں گے۔اس ویبینار کا مقصد روز نامہ جدوجہد کے لئے فنڈ ریزنگ ہے۔یاد رہے،سوشلسٹ روایات کے مطا بق روزنامہ ’جدوجہد‘ اپنے انقلابی ہمدردوں کی جانب سے دی گئی انفرادی مالی مدد سے چلایا جاتا ہے۔ روزنامہ ’جدوجہد‘نہ تو کمرشل اشتہارات پر انحصار کرتا ہے نہ ہی کسی ریاستی و غیر ریاستی ادارے سے کسی قسم کی مالی مدد قبول کرتا ہے۔
ویبینار میں شرکت کے لئے یہ لنک استعمال کیجئے۔