خبریں/تبصرے

سی پی آئی ایم کے جنرل سیکرٹری سیتا رام یچوری وفات پا گئے

لاہور(جدوجہد رپورٹ) بھارت کی سب سے بڑی کمیونسٹ پارٹی سی پی آئی ایم کے جنرل سیکرٹری سیتا رام یچوری 72برس کی عمر میں وفات پا گئے۔ وہ دہلی کے ایک ہسپتال میں سانس کی نالی کے شدید انفیکشن کی وجہ سے زیر علاج تھے، جہاں انہیں 19اگست کو داخل کیا گیا تھا۔

سیتارام یچوری کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے جنرل سیکرٹری تھے اور وہ کئی دہائیوں سے بھارت کی سیاست میں اہم شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔

انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز بائیں بازو کی اسٹوڈنٹ فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی)کے ساتھ طالب علم رہنما کے طور پر کیا۔ انہیں 1975 میں ایمرجنسی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، جب اندرا گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی حکومت نے شہری آزادیوں میں بڑے پیمانے پر پابندی عائد کی تھی۔

رہائی کے بعد وہ دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے صدر بن گئے، جہاں انہوں نے معاشیات کی تعلیم حاصل کی۔

’بی بی سی‘ کے مطابق انہوں نے اتحادی سیاست کے عروج کے سالوں میں خاص طور پر اہم کردار ادا کیا، جب بھارت کی وفاقی حکومتوں کا استحکام مختلف نظریات اور ترجیحات کو اکٹھا کرنے پر منحصر تھا۔

1996 میں انہوں نے 13 جماعتوں کے اتحاد کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا، جس نے دو وزرائے اعظم، ایچ ڈی دیوے گوڑا اور آئی کے گجرال کے ساتھ تقریباً دو سال تک بھارت پر حکومت کی۔

2004 میں یچوری کی پارٹی نے پارلیمانی انتخابات میں تاریخی 44 نشستیں حاصل کیں۔

اس وقت سی پی آئی ایم نے دیگر بائیں بازو کی جماعتوں کے ہمراہ کانگریس کی زیر قیادت حکومت کی باہر رہ کر حمایت کی، یعنی وزارتی کردار کے بغیر وہ حکومت کے حمایتی رہے۔ تاہم 2008میں انہوں نے بھارت امریکہ جوہری معاہدے کے خلاف احتجاج کے طو رپر اپنی حمایت واپس لے لی۔ معاہدہ کے تحت بھارت کو امریکہ کے ساتھ مکمل سول نیوکلیئر تعاون کے بدلے میں اپنی سول جوہری تنصیبات کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں رکھنا تھا۔

جب سیتا رام یچوری 2015میں سی پی آئی ایم کے جنرل سیکرٹری بنے، تب تک پارٹی مغربی بنگال ریاست سمیت اپنے بہت سے سابق گڑھ کھو چکی تھی اور اس کی پارلیمانی نشستیں کم ہو رہی تھیں۔

وہ 2005سے2017تک راجیہ سبھا کے رکن رہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts