لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان پیپلزپارٹی کے ایم این اے قادر خان مندوخیل کو نجی ٹی وی چینل ’ایکسپریس‘ کے ایک ٹاک شو میں تھپڑ مارنے اور گالیاں دینے کی وجہ سے شہ سرخیوں میں ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کی جانب سے سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے قادر خان مندوخیل پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے نہ صرف گالیاں دیں بلکہ ہراساں کرنے کی کوشش کی جس کے رد عمل میں تھپڑ مارا گیا۔
فردوس عاشق اعوان کے دعوے کو مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ بول رہی ہیں، گالیاں بھی انہوں نے ہی دیں اور تھپڑ بھی انہوں نے ہی مارا۔
انہوں نے فردوس عاشق اعوان کے ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ”(فردوس عاشق اعوان) جھوٹ بول رہی ہیں، جتنی بھی فوٹیج لائیں، گالیاں، بدتمیزی انہی کی طرف سے ہیں، یہ تو مجھ سمیت ہر ایک کے والد کے بارے میں مغلظات…(کہتی) رہتی ہیں، مندوخیل صاحب ہر بات اور گالی کا جواب ضرور دے رہے تھے، ہاتھ اٹھانے کا اختیار انکو کس نے دیا ہے۔ ایک کوشش میرے ساتھ بھی کر چکی ہیں۔“