خبریں/تبصرے

پی ٹی آئی کارکنوں کے صحافیوں کے گھروں کے سامنے مظاہرے اور دھمکیاں

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی جانب سے معروف صحافیوں حامد میر اور عاصمہ شیرازی کے گھروں کے بعد احتجاجی مظاہرے منعقد کرتے ہوئے صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں دینے کے اقدامات کی پی ایف یو جے اور دیگر صحافتی تنظیموں کے علاوہ سیاسی و سماجی کارکنوں نے مذمت کی ہے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ معروف اینکروں حامد میر اور عاصمہ شیرازی کو دھمکیوں کے علاوہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے ان کے گھروں کے باہر احتجاجی مظاہروں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے کہا ہے کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پی ٹی آئی صحافیوں کو دبارہی ہے اور دھمکیاں دے کر اس تنازعہ میں گھسیٹ رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ صحافیوں کی رہائش گاہوں کے باہر احتجاج کا اہتمام کرنا خاندان کی رازداری اور عزت کو اچھالنے کے مترادف ہے۔ دونوں اینکر پیشہ وارانہ طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور ہم پوری میڈیا کمیونٹی کی طرح ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے کارکنوں کو آزادی اظہار رائے اور اختلاف رائے کا احترام کرنے کے علاوہ میڈیا والوں کی نجی زندگی کا احترام کرنے کی ہدایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت اور تقریر کا احترام جمہوریت اور جمہوری اصولوں کا حسن ہے۔

ادھر نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ و رکن اسمبلی محسن داوڑ نے بھی اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا کہ ’پی ٹی آئی کی طرف سے ہجوم کو حامد میر، عاصمہ شیرازی اور دیگر صحافیوں کو ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے اور حملہ کرنے کیلئے اکسانے کا عمل شرمناک ہے۔ اس مجرمانہ تشدد پر اکسانے والے سے قانون کے مطابق نمٹا جانا چاہیے۔ صحافت جرم نہیں ہے۔ بہادر صحافیوں کو خاموش نہیں کیا جا سکتا۔‘

Roznama Jeddojehad
+ posts