خبریں/تبصرے

لیبر ریلیف کمپئین کا آغاز

حسنین جمیل فریدی

کرونا وائرس انسانی تاریخ کا ایک اہم ترین باب ہے جس نے ساری دنیا کا نظام مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ یہ وائرس پاکستان سمیت دنیا کے 196 ممالک تک پھیل چکا ہے اور انتہائی تیزی سے لوگوں کی جانیں لے رہا ہے۔ حکومت پاکستان نے اس حوالے سے احتیاطی تدابیر پر دیر سے عمل کیا اور مختلف حلقوں کے شدید دباؤ کے بعد بالآخر پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا۔ اس لاک ڈاؤن کی بنا پر پورے ملک کی تقریباً تمام فیکٹریاں اور کارخانے بند کر دئیے گئے جو یقیناً انسانی جان بچانے کیلئے احسن قدم ہے مگر حکومت نے اس لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ کی ذمہ داری لینے سے انکار کر دیا ہے۔

ابھی تک حکومت کی طرف سے ڈیلی ویجز ملازمین کو صرف 3 ہزار ماہانہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ معمولی رقم کسی صورت بھی کسی گھرانے کے ایک ماہ کا خرچہ چلانے کیلئے ناکافی ہے۔ دوسری طرف لاہور، فیصل آباد، شیخو پورہ، مریدکے اور دیگر انڈسٹریل ایریاز کے مزدوروں اور ورکرز کو تنخواہ دئیے بغیر فیکٹریاں بند کر دی گئی ہیں جس سے ہزاروں مزدور لاوارث ہیں اور کھانے پینے جیسی بنیادی ضروریات کے طلب گار ہیں۔

اس صورتِ حال میں حقوقِ خلق موومنٹ، پروگریسو سٹوڈنٹس کلیکٹو، پروگریسو ایکڈمک کولیکٹو، پاکستان کسان رابطہ کمیٹی، فولیو بکس اور لیبر ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنی مدد آپ کے تحت اور عوامی فنڈ اپیل کے ذریعے ”لیبر ریلیف کیمپئین“ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت بیروزگار ہونے والے تمام محنت کشوں، مزدوروں اور کسانوں کو ماہانہ راشن فراہم کیا جائیگا ساتھ ہی ساتھ کرونا جیسی وبا سے بچنے کیلئے، ماسک، گلوز اور دیگر بنیادی میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

لیبر ریلیف کیمپئین کا آغاز کرنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ کوئی امدادی کام نہیں بلکہ حالات کی نوعیت کو سمجھتے ہوتے اپنے محنت کش طبقہ کی مدد کرنا انکی معاشرتی ذمہ داری ہے۔ انکا مزید کہنا ہے کہ مزدور وہ واحد طبقہ ہے جو دن رات محنت کر کے ہماری روز مرہ ضروریات کیلئے اشیا پیدا کرتا ہے۔ سرمایہ داروں اور فیکٹری مالکان کا انکی محنت کو نظر انداز کر کے انہیں تنخواہیں نہ دینا استحصال ہے اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس پر حکومت اور متعلقہ اداروں کو ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنی چاہئے۔

اس کیمپئین کے تحت مزدوروں کے گھروں میں دس کلو آٹا، پانچ کلو چاول، تین کلو گھی، پانچ کلو آلو، تین کلو ٹماٹر، تین کلو چینی، آدھا کلو پتی، دو کلو خشک دودھ اور مصالحہ جات فراہم کئے جائیں گے۔ اس کیمپئین کے کارکنان کا کہنا ہے کہ صحت مند مزدور ہی صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دے سکتے ہے۔ آپ اگر اس لیبر ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل اکاؤنٹ میں رقم بھیج سکتے ہیں۔

اکاونٹ نمبر: 025902080713321

اکاونٹ کا نام: Folio Books
IBAN: PK26SONE0025902080713321

بینک کا نام: Soneri Bank

Husnian Jamil Faridi
+ posts

حسنین جمیل فریدی بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ایک سیاسی کارکن ہیں۔ انکی وابستگی پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو اور حقوقِ خلق موومنٹ سے ہے اور پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم ہیں۔