خبریں/تبصرے

ممتاز ترقی پسند صحافی اور ٹریڈ یونینسٹ احفاظ الرحمٰن انتقال کر گئے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ممتاز صحافی اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے سابق صدر احفاظ الرحمٰن گذشتہ روز کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 78 سال تھی۔

وہ بھارت کے شہر جبل پور میں پیدا ہوئے۔ تقسیم کے بعد ان کا خاندان پاکستان آ گیا۔ دورِ طالب علمی میں وہ نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (این ایس ایف) کے پلیٹ فارم سے ترقی پسند سیاست میں متحرک ہوئے۔ بعد ازاں، عمر بھر ایک ایسے صحافی کے طور پر پہچان بنائی جس نے ہمیشہ عامل صحافیوں کے حقوق اور آزادی اظہار کے لئے جدوجہد کی۔

انہیں ضیا آمریت کے دوران گرفتاری اور تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ضیا آمریت کے خلاف صحافیوں کی جدوجہد بارے انہوں نے ”سب سے بڑی جنگ 1977-78ء“ کے عنوان سے ایک کتاب بھی تحریر کی جس کا دوسرا ایڈیشن 2017ء میں شائع ہوا۔ اَسی کی دہائی میں وہ چین چلے گئے جہاں بطور صحافی فرائض سر انجام دئیے۔ 1993ء میں وطن واپسی کے بعد جنگ گروپ اور ایکسپریس گروپ کے ساتھ وابستہ رہے۔

ان کی وفات پر پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری ناصر زیدی کے علاوہ دیگر صحافی رہنماؤں اور سیاسی کارکنوں نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی خدمات کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ گلے کے کینسر کی وجہ سے آخری دنوں میں ان کی قوت گویائی بھی ختم ہو چکی تھی۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بچوں کو چھوڑا ہے۔ ان کی شریک حیات مہناز رحمٰن بھی انسانی حقوق کی نامور کارکن ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts