لاہور (جدوجہد رپوٹ) امریکی انتخابات کی رات امریکیوں کی سال بھر میں سب سے کم نیند لینے کی رات قرار دی جا رہی ہے۔ اس رات میں امریکی شہریوں نے 138 ملین گھنٹے کی نیند نہیں لی۔
فن لینگ کی ایک کمپنی کی طرف سے تیار کردہ ہیلتھ ٹریکنگ ڈیوائس کے ذریعے سے مرتب کردہ اعداد و شمار کے حوالے سے نشریاتی ادارے بلوم برگ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہیلتھ ٹریکنگ ڈیوائس کا نام اوورا رنگ ہے جسے صارف کی انگلی پر پہنایا جا تا ہے اور یہ ڈیوائس کے سینسر دل کی دھڑکن، خون کے بہاؤ، درجہ حرارت اور جسم کی نقل و حرکت کی پیمائش کرتے ہیں اور سمارٹ فون ایپ میں ڈیٹا ڈیس پلے کرتے ہیں۔
ڈیوائس کے ذریعے سے مرتب کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق امریکیوں میں الیکشن کی رات ذہنی تناؤ اور اضطراب میں بھی اضافہ دیکھا گیا اور دل کی دھڑکن میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ تاہم رپورٹ کے مطابق الیکشن کے اگلے روز بدھ کویہ صورتحال معمول کے مطابق ہو گئی تھی۔
ڈیوائس بنانے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ رپورٹ دسیوں ہزار صارفین کے مجموعی ڈیٹا پر مبنی ہے اور پوری آبادی کا احاطہ کرتی ہے۔ رواں سال کے آغاز میں مذکورہ کمپنی نے عالمی سطح پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد انگوٹھیاں (ڈیوائسز) فروخت کرنے کی اطلاع دی تھی۔ جبکہ شہزادہ ہیری بھی اوورا رنگ کے صارفین میں شامل ہیں۔