خبریں/تبصرے

الوداع کومپانیرئیو

لاہور (نامہ نگار) فٹ بال لیجنڈ دیاگو میراڈونا گذشتہ روز ارجنٹینا کے دارلحکومت بیونس آئرس میں دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے۔ ان کی عمر 60 سال تھی۔ بدھ کے روز ان کا آپریشن بھی ہوا تھا۔

ارجنٹینا نے ان کی کپتانی میں 1986ء کا ورلڈ کپ جیتا اور ان کی کپتانی میں ہی ارجنٹینا 1990ء کے ورلڈ کپ فائنل تک پہنچا۔ میراڈونا نے چار ورلڈ کپ مقابلوں میں حصہ لیا۔

پیلے کے علاوہ انہیں بیسویں صدی کے اندر لاطینی امریکہ کا اہم ترین فٹ بالر مانا جاتا تھا۔ انہوں نے ارجنٹینا فٹ بال ٹیم کی کوچنگ بھی کی۔

اپنے شاندار فٹ بال کیرئیر کے علاوہ وہ اپنے ترقی پسند نظریات کے لئے بھی مشہور تھے۔ انہوں نے بازو پر چے گویرا اور پنڈلی پر فیدل کاسترو کا ٹیٹو بنوا رکھا تھا۔ فیدل کاسترو، ہیوگو شاویز اور دیگر ترقی پسند رہنماوں سے ان کی ذاتی دوستی تھی۔

ایک بار جب وہ شدید بیمار تھے تو فیدل کاسترو نے انہیں خصوصی طیارے سے کیوبا منگوایا اور ان کا علاج کیوبا میں ہوا۔ میراڈونا ورلڈ زوشل فورم میں بھی شریک ہوئے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts