خبریں/تبصرے

صحافی تنویر احمد کی رہائی کیلئے نیشنل پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ

اسلام آباد (نامہ نگار) جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی کے زیر اہتمام صحافی و سماجی کارکن تنویر احمد کی حراست کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر لگائے گئے اس کیمپ میں پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت، پاکستان کے ترقی پسند رہنماؤں اور انسانی حقوق کے نمائندوں نے شرکت کی۔

جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی کے صدر نثار شاہ، گلگت بلتستان کے رہنماؤں کرنل مرزا نادر حسن، شبیر مایار، عوامی ورکرز پارٹی پاکستان کے رہنما عاصم سجاد اختر، ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ کی رہنما عصمت شاہجہان، جے کے پی این پی کے رہنما جبار ایڈووکیٹ اور کامران نصیر، کشمیر نیشنل پارٹی کے رہنما یاسین انجمن، سردار عرفان سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی اور تنویر احمد کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انکی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ تنویر احمد کشمیری نژاد برطانوی صحافی و سماجی کارکن ہیں۔ وہ گزشتہ لمبے عرصے سے پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں مختلف سماجی سرگرمیاں کر رہے ہیں اور کشمیر کی آزادی کے حوالے سے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے جموں کشمیر کے پاکستانی زیر انتظام حصے میں ایک سروے بھی کیا ہے جس میں دس ہزار سے زائد افراد سے دس سوالات پوچھے گئے تھے۔ انہیں چند ماہ قبل میرپور ڈویژن کی تحصیل ڈڈیال میں مقبول بٹ شہید کی یادگار پر لگے پاکستانی پرچم کو اتارنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت العالیہ نے بھی انکی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدلیہ کو جلد مقدمہ نمٹانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ تاہم ابھی تک ان کے خلاف باضابطہ مقدمہ بھی نہیں چلایا جا سکا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts