خبریں/تبصرے

ایم این اے علی وزیر کی نا اہلی کیلئے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم)کے اہم رہنما اور وزیرستان سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کو ریفرنس بھیج دیا ہے۔

ای سی پی کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق مذکورہ ریفرنس گزشتہ جمعرات کی رات کو موصول ہوا۔ انہوں نے کہا کہ لیگل برانچ کی جانب سے دیکھے جانے کے بعد مذکورہ فائل کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو بھیج دیا گیا۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اب اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے کیا جائے گا۔

آئین کے آرٹیکل 63 جو مجلس شوریٰ کے رکن کی نا اہلی کے معاملات کو دیکھتا ہے، اس میں ایسے اقدامات درج ہیں جس کے نتیجے میں رکن اسمبلی کی نا اہلی ہو سکتی ہے۔

آرٹیکل کے مطابق ای سی پی 90 روز میں اس پر فیصلہ کرے گا اور اگر اس کی رائے میں رکن نا اہل ہو گیا ہے تو رکنیت تحلیل ہو جائے گی اور نشست خالی ہو جائے گی۔ اگرچہ علی وزیر کے خلاف ریفرنس میں نا اہلی کے لیے بیان کی گئی وجوہات کو شیئر نہیں کیا گیا لیکن کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان پر ریاستی اداروں کے خلاف سازش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے علی وزیر کو گرفتار کر کے کراچی پولیس کے حوالے کیا تھا جہاں ان کے خلاف ایک جلسے میں پاکستان کے اداروں کے خلاف تقاریر کرنے اور بغیر اجازت جلسہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔ علی وزیر کو دو روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، عدالت نے علی وزیر کی تقاریر کا اردو ترجمہ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت ملتوی کر دی تھی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts