خبریں/تبصرے

امریکہ نے پاکستان سے دو فوجی اڈے مانگ لئے: نجم سیٹھی کا دعویٰ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) معروف صحافی و تجزیہ نگار نجم سیٹھی نے ’نیا دور‘ کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ امریکہ پاکستان سے دو فوجی اڈے مانگ رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ فوجی اڈے افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد افغانستان کی فضائی نگرانی کی غرض سے مانگے جا رہے ہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ امریکہ کو خطرہ ہے کہ افغانستان سے انکے انخلا کے بعد داعش، القاعدہ سمیت دیگر مسلح گروہ پاکستان کیلئے مسائل پیدا کر سکتے ہیں اور اس سے بالواسطہ امریکہ کیلئے بھی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ امریکہ کو پاکستان میں بنیاد پرستی اور انتہا پسندی کے ابھار کا خدشہ بھی لاحق ہے اور پاکستان کے نیوکلیئر اثاثوں کے تحفظ کیلئے بھی یہ فوجی اڈے امریکہ کی ضرورت ہیں۔ واضح رہے کہ یہ انکشافات نجم سیٹھی نے ’نیا دور‘ کے ساتھ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صحافیوں سے ملاقات کے دوران زیر بحث آنے والے معاملات سے متعلق اپنا تبصرہ کرتے ہوئے کئے ہیں۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ملاقات فوج کا بیانیہ صحافیوں تک پہنچانے کیلئے کی گئی تھی۔ بھارت کے ساتھ تعلقات، افغان پالیسی کے علاوہ جنرل باجوہ خارجہ پالیسی میں مغرب کی جانب جھکاؤ کو بڑھانا چاہتے ہیں اور چین کے زیر قیادت بلاک پر انحصار کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان فیصلوں کیلئے انہیں جہاں سویلین قیادت سے حمایت اس طرح سے نہیں مل رہی ہے جس طرح سے وہ چاہتے ہیں۔

نجم سیٹھی نے یہ بھی کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی یہ کوشش بھی ناکام ہو گی کیونکہ یہ سب سویلین قیادت اور پارلیمان کو بائی پاس کر کے کیا جا رہا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts