خبریں/تبصرے

یروشلم، غزہ پر نئے اسرائیلی حملوں کیخلاف کل حقوق خلق موومنٹ کا احتجاجی مظاہرہ ہو گا

لاہور (پریس ریلیز) حقوق خلق موومنٹ نے اپنے ایک آن لائن تنظیمی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ کل (12 مئی) غزہ اور یروشلم میں اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے خلاف لبرٹی چوک لاہور میں ساڑھے چار بجے سہ پہر احتجاجی مظاہرہ ہو گا۔

منگل کے روز ہونے والے اس اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 16 مئی کو حقوق خلق موومنٹ ایک عالمی ویبینار کا انعقاد کرے گی جس میں فلسطینی نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

حقوق خلق موومنٹ کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں کل مظاہرے میں شریک ہونے والوں سے اپیل کی گئی کہ مظاہرین کورونا سے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے احتجاج میں شریک ہوں۔

حقوق خلق موومنٹ کے اجلاس میں تنظیم کی مرکزی قیادت نے شرکت کی۔ شرکت کرنے والوں میں فاروق طارق، عمار علی جان، عالیہ حیدر، بلال ظہور، حیدر بٹ، محسن ابدالی اور دیگر ارکان شامل تھے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عرب ممالک کے علاوہ پاکستان میں بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی بحالی کے لئے مہم چلائی جا رہی ہے۔ اجلاس کے شرکا نے کہا کہ بعض عرب ممالک کی اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی بحالی کے باوجود یروشلم میں حالیہ جارحیت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کا انخلا نہیں ہوتا اور فلسطینیوں کو حق خود اختیار نہیں ملتا، یہ مسئلہ ختم نہیں ہو گا۔

شرکا نے فلسطین کی عوام کو مزاحمت جاری رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ شرکا نے زور دیا کہ اس مزاحمت کی حمایت سے ہی مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہو سکتا ہے نہ کہ اسرائیل اور سامراج کو خوش کر کے جس طرح کہ بعض اینکر پرسن مہم چلا رہے ہیں۔

حقوق خلق موومنٹ کے قائدین نے کہا کہ پاکستانی عوام کھل کر اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور حقوق خلق موومنٹ ان کے جذبات کی حقیقی ترجمان ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts