لاہور (جدوجہد رپورٹ) سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بوتل کا پانی ماحول کیلئے نل کے پانی سے 3500 گنا زیادہ نقصان دہ ہے۔ درحقیقت پلاسٹک کی ایک بوتل بنانے میں اس بوتل میں محفوظ ہونے والے پانی سے 3 گنا زیادہ پانی درکار ہوتا ہے۔
بارسلونا انسٹیٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ (آئی ایس گلوبل) کے محققین نے یہ اعداد و شمار جمع کئے ہیں۔ یہ تحقیق بارسلونا اسپین پر مرکوز رہی ہے جہاں تقریباً 1.35 ملین لوگ رہتے ہیں اور تقریباً 60 فیصد کم از کم کچھ وقت بوتل بند پانی استعمال کرتے ہیں۔
سائنسدانوں نے لائف سائیکل اسسمنٹ کا استعمال کرتے ہوئے یہ اعداد و شمار جمع کئے، جس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ کسی بھی شے کے اسکی پوری عمر میں ماحول پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں، یعنی اس کیلئے خام مال حاصل کرنے، مینوفیکچرنگ، نقل و حمل، تقسیم، استعمال اور ضائع کئے جانے کے عمل کا احاطہ کیا جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق امریکہ میں پانی کی بوتل کی تیاری میں ہر سال 1.5 ملین بیرل تیل لگتا ہے، جو ایک لاکھ گھروں کو بجلی فراہم کئے جانے کیلئے استعمال ہونے والے تیل سے زیادہ ہے۔ اس میں فاسل فیول اور بوتلوں کو دکانوں تک پہنچانے کیلئے خرچ ہونے والے تیل کا تخمینہ نہیں لگایا گیا۔
آئی ایس گلوبل کے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ اگر بارسلونا کا ہر باشندہ بوتل بند پانی کی طرف جاتا ہے تو خام مال نکالنے پر 70 ملین یورو سے زیادہ لاگت آئے گی اور یہ عمل ہر سال 1.43 جانوروں کی نسلوں کو نقصان پہنچائے گا۔
اس عمل سے ایکو سسٹم پر 1400 گنا زیادہ اثر پڑے گا اور وسائل کیلئے ماحول پر 3500 گنا زیادہ لاگت آئے گی بجائے اسکے کہ اگر پورے شہر کو نل کا پانی پینا پڑے۔
حالیہ برسوں میں بوتل بند پانی کا استعمال ذائقے، بو، مارکیٹنگ مہمات اور نل کے پانی کے معیار پر عوامی اعتماد کی کمی جیسے عوامل کی وجہ سے بڑھ گیا ہے۔
آئی ایس گلوبل کے محققین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں بارسلونا میں نل کے پانی کے معیار میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ نل کا پانی ایک بہتر ماحولیاتی آپشن ہے۔
انکا کہنا ہے کہ ”ہمارے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ ماحولیات اور صحت پر پڑنے والے اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے نل کا پانی بوتل بند پانی سے بہتر آپشن ہے، کیونکہ بوتل بند پانی وسیع پیمانے پر اثرات پیدا کرتا ہے۔“