لاہور (جدوجہد رپورٹ) ’فرائیڈے ٹائمز‘ نے اپنے معروف کالم سچ گپ میں دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف پاکستان واپس آنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ نواز شریف پارٹی میں تقسیم سے پریشان ہیں اور خاندان اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ انہیں واپس آنے کی ضرورت ہے۔
نواز شریف کے نواسے کی شادی محرم کے فوراً بعد طے کی گئی تاکہ نوازشریف وطن واپسی کو حتمی شکل دے سکیں۔ مریم نواز کی غیر موجودگی میں نواز شریف نے ذاتی طور پر شادی کی نگرانی پر زور دیا۔
یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے ذاتی طو ر ہی یہ فیصلہ کیا کہ مریم نواز بیٹے کی شادی میں شرکت کیلئے ملک چھوڑنے کی اجازت کی درخواست نہیں دیں گی۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ اگر عمران خان انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زندگی کے اہم موقع پر ماں کو بیٹے کی خوشی میں شریک ہونے کیلئے اجازت دیتے ہیں تو وہ لندن جائیں گی لیکن لندن جانے کی اجازت نہیں مانگی جائیگی۔
یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے بہت کم لوگ نواز شریف کی وطن واپسی کے بارے میں جانتے ہیں لیکن جو جانتے ہیں انہیں اس بات کا بھی علم ہے کہ وہ سب نواز شریف کی آمد سے پہلے ہی گرفتار کر لئے جائیں گے۔ عمران خان نواز شریف کیلئے عوامی مظاہرے روکنے کیلئے اہم ساتھیوں کو گرفتار کروانے کی کوشش کرینگے۔