لاہور (جدوجہد رپورٹ) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے شیئرز پیر کے روز تقریباً 5 فیصد تک اس وقت گر گئے جب فیس بک کمپنی کو گزشتہ 13 سالوں میں سروس کی بدترین بندش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فیس بک سروس کی یہ بندش کمپنی پر جمہوریت کو دھوکہ دینے کا الزام لگانے والے ایک وسل بلوور کا انٹرویو نشر کئے جانے کے ایک دن بعد ہوئی۔
سی این بی سی کے مطابق ٹیک ہیوی ناسدک کمپوزٹ کے 2 فیصد سے زیادہ گر جانے کی وجہ سے مارکیٹ پیر کو بڑے پیمانے پر نیچے گر گئی۔ یہ کمی خاص طور پر سوشل میڈیا اسٹاک کے درمیان تھی، کیونکہ ٹویٹر، سنیپ چیٹ اور پن ٹرسٹ سمیت ہر ایک کے شیئرز میں 5 فیصد تک کمی ہو گئی۔
پیر کی شام فیس بک کی مرکزی ایپ سمیت انسٹاگرام اور واٹس ایپ سروسز اچانک بند ہو گئیں اور کئی گھنٹے تک یہ سروسز بند رہیں۔
کمپنی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ”ہم جانتے ہیں کہ کچھ لوگوں کو ہماری ایپس اور مصنوعات تک رسائی میں دشواری ہو رہی ہے۔ ہم چیزوں کو جلد سے جلد معمول پر لانے کیلئے کام کر رہے ہیں اور ہم کسی بھی تکلیف کیلئے معذرت خواہ ہیں۔“
فیس بک کیلئے 2008ء کے بعد یہ سب سے بڑی خرابی تھی جس نے تقریباً ایک دن کیلئے کمپنی کی سروسز کو آف لائن کر دیا اور 80 ملین صارفین متاثر ہوئے۔ کمپنی اس وقت 3 ارب صارفین کی حامل ہے۔