لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان کے شعبہ شماریات (پی بی ایس) کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق غذائی اجناس کے درآمدی بل میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 50 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے تجارتی خسارے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گزشتہ 8 ماہ کے دوران زراعت کے شعبہ میں پیداوار میں شدید کمی کی وجہ سے زرعی اجناس کا درآمدی بل سالانہ 5 ارب 34 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ ڈان کی رپورٹ کے مطابق رواں سال درآمدی بل میں اشیائے خورونوش کا حصہ 15.76 فیصد تک پہنچ گیا ہے جبکہ گزشتہ سال یہ حصہ 11.29 فیصد تھا۔
رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں درآمدی بل 7.67 فیصد اضافے کے ساتھ 33 ارب 89 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں یہ بل 31 ارب 48 کروڑ ڈالر تھا۔ درآمد کا اہم حصہ گندم، چینی، خوردنی تیل، مصالحہ جات، چائے اور دالوں پر مشتمل رہا، خوردنی تیل کی درآمد میں اس عرصہ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پام آئل کی درآمد رواں مالی سال کے 8 ماہ کے دوران 34.03 فیصد اضافے کے ساتھ 1 ارب 58 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔ گزشتہ سال اسی عرصہ میں پام آئل کی درآمد میں بھی 7.71 فیصداضافہ ہوا تھا۔
گزشتہ کچھ مہینوں کے دوران سبزی، گھی اور کھانا پکانے کے تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ملکی پیداوار میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ پاکستان نے رواں سال8 ماہ کے دوران 91 کروڑ 59 لاکھ ڈالر مالیت کی 33 لاکھ 28 ہزار ٹن گندم درآمد کی تھی جبکہ گزشتہ سال گندم درآمد نہیں کی گئی تھی۔