راولا کوٹ (حارث قدیر) پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ’علما مشائخ‘ کیلئے مخصوص نشست پر تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کئے گئے امیدوار محمد مظہر سعید شاہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’فیس بک‘نے دہشت گرد شخصیات کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔
مظہر سعید شاہ جو ’عبداللہ شاہ مظہر‘کے نام سے مشہور اور افغان طالبان کے ہمراہ جنگ میں شریک رہنے کے علاوہ پاکستان میں کالعدم قرار دی گئی تنظیموں حرکتہ المجاہدین، جیش محمد اورالفرقان کا حصہ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے امیدوار نامزد کئے جانے کے بعد انکی تصاویر جب فیس بک پر شیئر کی گئیں تو فیس بک نے متعلقہ پوسٹیں ہٹا دیں اور پوسٹ شیئر کرنے والے افرادکو انتباہ جاری کیا گیا کہ انہوں نے ’فیس بک کمیونٹی سٹینڈرڈز‘کی خلاف ورزی کی ہے۔ انتباہ میں لکھا گیا ہے کہ متعلقہ پوسٹ خطرناک شخص یا تنظیم سے متعلق ہونے کی وجہ سے ڈیلیٹ کی جا رہی ہے۔
راقم نے بھی گذشتہ روز جب ان کی تصویر فیس بک پر بطور پوسٹ شیئر کی تو فیس بک کی طرف سے مندرجہ ذیل پیغام کے ساتھ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی گئی:
یاد رہے عبداللہ شاہ مظہر سابق طالبان کمانڈر اور مختلف جہادی تنظیموں کے رہنما رہ چکے ہیں۔ ان کے بارے میں تفصیلی رپورٹ گذشتہ روز ’روزنامہ جدوجہد‘ میں شائع کی گئی تھی۔