خبریں/تبصرے

پاکستان میں مہنگائی کی شرح 14.48 فیصد تک پہنچ گئی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.38 فیصد اضافے کے بعد مجموعی طور پر 14.48 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 7 اشیائے ضروریہ میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 28 روپے 56 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد ٹماٹر کی اوسط قیمت 93 روپے 77 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ گھی کی فی کلو قیمت 6 روپے 67 پیسے اضافے کے بعد فی کلو اوسط قیمت 356 روپے 52 پیسے ہو گئی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ چینی کی فی کلو قیمت میں 42 پیسے اضافہ ہوا اور اوسط قیمت 100 روپے 75 پیسے ہو گئی جبکہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اور انڈے کی فی درجن قیمت میں 2 روپے 21 پیسے اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق انڈے کی فی درجن قیمت 170 روپے 40 پیسے، بیف 3 روپے، مٹن 95 پیسے اور آلو 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 154 روپے 15 پیسے اضافہ ہوا اور گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 321 روپے 46 پیسے پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ دودھ، دہی، چاول، صابن، ڈبل روٹی اور دال ماش بھی مہنگے ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 7 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، زندہ مرغی اوسط فی کلو 6 روپے 34 پیسے، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 روپے 19 پیسے سستا ہوا۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں دال چنا، دال مونگ، پیاز اور گڑ بھی سستے ہوئے جبکہ 15 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts