راولاکوٹ (جدوجہد رپورٹ) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے مہنگائی مخالف ریاست گیر تحریک کے سلسلے میں ٹانڈہ گھمیر بروز اتوار احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی جس میں پٹرولیم مصنوعات، اشیا خورونوش اور زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہونیو الے ہوشربا اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس میں کثیر تعداد میں طلبہ اور محنت کشوں نے شرکت کی۔
احتجاجی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ممبر سنٹرل کمیٹی اسامہ پرویز، سیکرٹری جنرل ڈگری کالج یونٹ ہجیرہ سیف اللہ، سینئر رہنما این ایس ایف کامریڈ واجد، سابق مرکزی چیف آرگنائزر تنویر انور اور چیرمین گھمیر یونٹ جالب امیر اور دیگر رہنماؤں نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کو ریاست بھر کے تمام شہروں میں پھیلانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ سرمایہ دارانہ نظام جو کہ انسانیت کے لیے زیر قاتِل بن چکا ہے۔ جہاں بحران نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے وہاں نوآبادیاتی ممالک جہاں کہ نااہل بورژوازی کوئی کردار ادا ہی نہیں کر سکی وہاں بحران کی شدت کو محنت کشوں کے کندھوں پر ڈالنے کی کوشش رہتی ہے۔ عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے محنت کشوں کی زندگیوں کو اجیرن بنایا جا رہا ہے۔ آج مہنگائی کے طوفان نے عام عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن حکمرانوں کے ہر ظلم کے خلاف محنت کشوں اور نوجوانوں میں جائے گی۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ فی الفور پٹرولیم مصنوعات پر دہرے اور تہرے ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے، عوام کو پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دیتے ہوئے قیمتوں میں 50 فیصد سے زیادہ کمی کی جائے، اشیا خورونوش کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے اور زندگی بچانے والی ادویات میں کیا جانیوالا اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ یونین کونسل گھمیر میں کالج سروس اور انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے۔