خبریں/تبصرے

امریکی دباؤ: سعودی رقم پاکستان نہ پہنچ سکی

لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) ’دی فرائیڈے ٹائمز‘ کے معروف کالم ’سچ گپ‘ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے وعدے کے ہفتوں بعد بھی رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں منتقل نہیں ہو سکی ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے پاکستان میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کیلئے یہ رقم فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کالم میں لکھا گیا ہے کہ عمومی طور پر یہ رقم معاہدہ طے پانے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی اکاؤنٹ میں منتقل ہو جاتی ہے۔ تاہم یہاں امریکہ اس رقم کی منتقلی میں رکاوٹ بن گیا ہے۔

ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کو کی گئی اس پیشکش پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اعتراضات کو واضح کیا جس کے بعد سعودی عرب نے یہ رقم پاکستان کو دینے سے اعتراض برتا ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے بعد سعودی عرب کی جانب سے اس رقم کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم کے دورے کا مقصد بھی غیر ملکی زرمبادلہ کیلئے رقم کی فراہمی، ادھار تیل کی فراہمی اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کیلئے سعودی عرب سے مدد حاصل کرنا ہی تھا۔

تاہم سعودی عرب کی جانب سے اعلان کردہ رقم کی منتقلی نہ ہونے کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر بھی سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts