خبریں/تبصرے

با اصول صحافت کی علامت ضیا الدین وفات پا گئے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) معروف صحافی اور تجزیہ کار ضیاالدین 83 برس کی عمر میں گذشتہ روز اسلام آباد میں وفات پا گئے۔ وہ گذشتہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔

ان کی وفات پر شعبہ صحافت اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی وفات کو ایک زبردست نقصان قرار دیا ہے۔

ضیا الدین نے 1964ء میں کراچی یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی پی آئی کے ساتھ اپنے صحافتی سفر کا آ غاز کیا۔ بعد ازاں وہ ڈان سے منسلک ہو گئے۔ صحافتی زندگی کا بڑا حصہ انہوں نے ڈان سے وابستہ رہ کر گزارا۔ وہ ڈان اسلام آباد کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر بھی رہے۔

اس کے علاوہ وہ دی نیوز لاہور کے مدیر رہے۔ فوج کے بارے میں ایک خبر کی اشاعت پر ان کے دی نیوز سے اختلافات ہو گئے اور انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔ بعد ازاں ان کی ادارت میں دی ایکسپریس ٹریبیون کا اجرا ہوا۔

اپنے طویل صحافتی کرئیر میں وہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کے حقوق کے لئے بھی سرگرم رہے۔ وہ پی ایف یو جے کے اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری بھی رہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts