لاہور(جدوجہد رپورٹ) بھارتی ریاست ناگالینڈ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 14سویلین ہلاکتوں کے خلاف پرتشدد احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔
مظاہرین نے فوجی گاڑیوں کو آگ لگا دی، سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں، تاہم ایک سکیورٹی فورسز اہلکار کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔ دوسری طرف خبررساں ایجنسی اے پی کے مطابق مظاہرین پر بھی فورسز کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 9افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
رائٹرز کے مطابق بھارتی فورسز نے عام شہریوں کو دہشت گرد سمجھ کر ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 14افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ مظاہرین اور فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد مظاہرین شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدور تھے۔