خبریں/تبصرے

برسلز: کورونا پابندیوں کے خلاف پرتشدد احتجاج، 70 گرفتار، درجنوں زخمی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں حکومتی پابندیوں کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج پرتشدد تصادم میں تبدیل ہو گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا جس کی وجہ سے پولیس اہلکاران سمیت درجنوں مظاہرین زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس نے کم از کم 70 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

’اے پی‘ کے مطابق احتجاج میں تقریباً 50 ہزار افراد شامل ہوئے۔ مظاہرین ’آزادی‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ احتجاج کے شرکا کو پولیس نے روکنے کی کوشش کی، جس کے بعد مظاہرین اور پولیس کے مابین تصادم ہو گیا۔ پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا، جبکہ مظاہرین نے سفارتی عمارتوں پر حملہ کر دیا اور عمارتوں کے دروازے اور کھڑکیاں توڑی گئیں۔

یاد رہے کہ ہفتے کے روز دوسرے یورپی دارالحکومتوں میں بھی ویکسین پاسپورٹ اور دیگر پابندیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے تھے۔

برسلز پولیس کی جانب سے 70 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ 3 افسران سمیت 12 مظاہرین کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مظاہرین کی جانب سے صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور دھمکیاں دی گئیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts