خبریں/تبصرے

بلاک کئے گئے نمبر ان بلاک ہو گئے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) دی فرائیڈے ٹائمز کے معروف کالم ’سچ گپ‘ میں ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیاگیا ہے کہ عمران خان کے مشیروں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ فوج کی طاقتور شخصیت اور ان کے ساتھیوں کو نشانہ بنانا بند کر دیں۔ پنجاب میں ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد عمران خان نے ’نیوٹرلز‘ کا مقابلہ کرنا چھوڑ دیا ہے۔

کالم کے مطابق مشیروں نے عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سیاسی قوتوں کے ساتھ رابطے کے راستے بھی کھولیں تاکہ جمہوریت کے نئے چارٹر کی طرف لے جانے والے غیر مرئی لوگوں پر دباؤ ڈالا جا سکے۔ عمران خان سے ملاقات کرنے والے دو سرکردہ صحافیوں میں سے ایک نے یہ تصدیق کی ہے کہ وہ تمام مسائل پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

یہ انکشار بھی کیا گیا ہے کہ اشتعال انگیز بیان بازی سے پیدا ہونیو الی گرمی اور انتخابات کے غیر متوقع نتائج کے پیش نظر راولپنڈی اور بنی گالہ کے درمیان رابطہ بحال ہو گیا ہے۔ تیزی سے بدلتے ہوئے سیاسی منظر نامے کے تناظر میں فون کالز نے کافی اہمیت حاصل کر لی ہے اور پہلے بلاک کئے گئے فون نمبر اب کام کر رہے ہیں۔ موجودہ بحران کے حل کیلئے ثالثی کا راستہ تلاش کرنے کیلئے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم رکاوٹ انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے ہے کہ آیا وہ اس سال کے آخر میں اہم تقرری سے پہلے ہونگے، یا بعد ہونگے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts