جدوجہد رپورٹ
ناروے کے ڈرامہ نگار ٹونی عثمان نے ذوالفقارعلی بھٹو کے پچانویں یوم پیدائش کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ وہ بھٹو کی زندگی پر مبنی ایک ڈرامہ لکھ رہے ہیں۔ روزنامہ جدوجہد سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ”سزائے موت“ کے عنوان سے یہ ڈرامہ نارویجن زبان میں تحریر کیا جائے گا اور یہ حقیقی واقعات اور فکشن کا امتزاج ہو گا۔
یہ ڈرامہ لکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے ٹونی عثمان نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی اور سماجی حالات کا یہ تقاضہ ہے کہ بھٹو کو نئے سرے سے دریافت کرکے ان کی اچھائیوں اور خامیوں پر کھل کر بحث کی جائے۔ ان کا کہنا تھا ”اس کے علاوہ بھٹوکی زندگی میں اتار چڑھاؤ اور زندگی کاآفت زدہ اختتام وہ لوازمات مہیا کرتے ہیں جو ایک اچھے تجسس بھرے ڈرامے کے لئے ضروری ہوتے ہیں“۔
ٹونی عثمان نے وضاحت کی کہ وہ اس ڈرامہ کے ذریعے سزائے موت کے موضوع پر ایک اصولی بحث بھی کرنا چاہتے ہیں۔