لاہور (جدوجہد رپورٹ) سپین میں ایرانی سفیر حسن گاشگاوی نے سپین کی ملکہ لیٹیزیا سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا۔
بدھ کے روز ملکہ لیٹیزیا، شاہ فیلیپ ششم اور وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے سپین میں تسلیم شدہ سفارتی کور کے استقبالیہ میں شرکت کی۔
استقبالیہ میں سپین کے بادشاہ، ملکہ اور حکومتی اراکین نے میڈرڈ کے شاہی محل میں سفارتی دستوں کا استقبال کیا۔ تاہم ایرانی سفیر نے باقی سب سے مصافحہ کرنے کے بعد بادشاہ فیلیپ ششم سے مصافحہ کیا اور ملکہ کی طرف دیکھے بغیر ہی وہ آگے کی طرف چل دیئے۔
ایرانی سفیر کے اس اقدام پر عالمی سطح پر ایک بحث نے جنم لیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیو شیئر کی جا رہی ہے، جبکہ مختلف میڈیا آؤٹ لیٹس پر بھی یہ خبر شہ سرخیوں کے طور پر چلائی گئی ہے۔ تاہم ماہرین نے اسے ’دھتکارنا‘ یا’نظر انداز کرنا‘ قرار دینے کو غلط کہتے ہوئے ان کے مذہبی اور ثقافتی اختیار کا حصہ قرار دیا ہے۔