خبریں/تبصرے

رؤف خان لنڈ ایڈووکیٹ کی گرفتاری پر ملک گیر احتجاج، وکلا کی ہڑتال

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی رہنما و سابق صدر بار ایسوسی ایشن رؤف خان لنڈ ایڈووکیٹ کی گرفتاری کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور جنوبی پنجاب کی مختلف بار ایسوسی ایشنوں کی جانب سے ہڑتال کی گئی۔ ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنوں کی جانب سے گرفتاری کی مذمت کی گئی اور رؤف خان لنڈ کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب کے سامنے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرہ میں سرائیکی قوم پرست جماعتوں کے علاوہ آر ایس ایف، جے کے این ایس ایف اور جے کے ایس ایل ایف کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے رؤف خان لنڈ کی گرفتاری اور بے بنیاد ایف آئی آر کی مذمت کی اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

جام پور میں بھی پی ٹی یو ڈی سی اور آر ایس ایف کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جام پور، فاضل پور، کوٹ ادو، راجن پور سمیت مختلف بارایسوسی ایشنوں کی جانب سے ہڑتال کی گئی اور کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوا۔

آج صادق آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔ حیدر آباد اور پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں بھی احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رؤف خان لنڈ کو تین روز قبل گرفتار کر کے دو روز تک لاپتہ رکھنے کے بعد ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عدالت نے پولیس کو جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے انہیں دو روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts