خبریں/تبصرے

این ایس ایف کی جنرل کونسل کا اجلاس، پونچھ کے کنونشن اور ریاست گیر سرگرمیوں کا اعلان

راولاکوٹ (نامہ نگار) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (جے کے این ایس ایف) نے ضلع پونچھ کے کنونشن، رمضان سرگرمیوں اور یوم مزدور کی سرگرمیوں کے علاوہ تنظیم سازی اور تربیتی پروگرامات منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ جات جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس کے جنرل کونسل کے اجلاس منعقدہ راولاکوٹ میں کئے گئے۔

اجلاس کی صدارت مرکزی صدرخلیل بابر نے کی، جبکہ اجلاس میں جموں کشمیرنیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کی مرکزی کابینہ اور مرکزی کمیٹی کے اراکین کے علاوہ تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں سابق مرکزی صدور اور رہنماؤں نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 20 مئی کو ضلع پونچھ کے کنونشن کے موقع پر راولاکوٹ میں طلبہ حقوق ریلی اور جموں کشمیر کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کنونشن میں جموں کشمیر اور پاکستان سے انقلابی قائدین کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کنونشن کی تیاریوں کے سلسلہ میں ضلع پونچھ بھر میں رمضان سرگرمیاں، تنظیم سازی، ممبر شپ مہم، سٹڈی سرکلز اور دیگر سرگرمیاں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ضلع پونچھ کے علاوہ مظفرآباد، ہٹیاں بالا، باغ، سدھنوتی،کوٹلی، میرپورسمیت دیگر ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز پر رمضان سرگرمیاں، سٹڈی سرکلز اور تنظیم سازی کے فیصلہ جات کے علاوہ یوم مزدور کے موقع پر پورے جموں کشمیر میں طلبہ مزدور اتحاد ریلیوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے ہر عہد میں مقامی حکمران اشرافیہ، علاقائی اور عالمی سامراجی طاقتوں کے خلاف بھرپورمزاحمتی کردار ادا کیا ہے۔ انقلابی سوشلزم کے نظریات کے دفاع اور عالمگیر انقلابی قیادت کی تعمیر کا فریضہ سرانجام دیتے ہوئے جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے ہر عہد میں اندرونی و بیرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ جموں کشمیرنیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا یہ اعزاز ہے کہ اس کی قیادت نے ہر بحران میں نوجوانوں اور طالبعلموں کی درست رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ آج سرمایہ دارانہ زوال کے عہد میں جہاں عالمی سطح پر ایک نامیاتی بحران نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، وہاں پسماندہ خطے اس بحران سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ سامراجی مالیاتی اداروں کے نیو نوآبادیاتی کنٹرول میں پسماندہ ملکوں کی معیشتیں دیوالیہ پن کا شکار ہیں۔ افراط زر محنت کشوں اور نوجوانوں کی زندگیاں اجیرن بنا رہا ہے۔ دنیا بھر میں عدم مساوات تاریخی کی بلند ترین حدوں کو چھو رہی ہے۔ امیر ترین افراد کی دولت میں بیش بہا اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ غریب ترین افراد کا حجم بڑھتا جا رہا ہے۔ عالمی امدن میں غریب ترین آبادی کا حصہ مسلسل کم ہوتا جا رہا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام کے اس بحران نے قومی، علاقائی، مذہبی، نسلی، قبیلائی اور فروعی تعصبات کو مزید بھڑکانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ سامراجی حکمران اپنے سامراجی اور مالیاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے نئی جنگیں مسلط کر رہے ہیں۔ ایسے میں پسماندہ ملکوں کی نوآبادیاتی کالونیوں میں انسانیت اپنے مستقبل کو اندھیروں میں دیکھ رہی ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر کے محنت کشوں اور نوجوانوں کو اپنی افرادی قوت سے پیدا کی گئی دولت سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ اس خطے کے وسائل کو سامراجی ریاستیں بے دردی سے لوٹ رہی ہیں۔ جموں کشمیر کے محنت کش اور نوجوان بیروزگاری، غربت، جہالت، لاعلاجی اور سامراجی غلامی کے چنگل میں بری طرح پھنس کر سیاسی، سماجی، معاشی اور ثقافتی مسائل میں الجھ کر رہ گئے ہیں۔ مقامی حکمران اشرافیہ اس خطے کے محنت کشوں پر سامراجی قبضے کو برقرار رکھنے میں سہولت کاری کے فریضے کو سرانجام دینے کی نوکری کرنے پر معمور ہیں۔ یہ لولا لنگڑا سیٹ اپ حکمران اشرافیہ اور نوکر شاہی کی عیاشیوں کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر کے محنت کشوں اور نوجوانوں کو اس منقسم خطے میں بسنے والی تمام قومیتوں، ثقافتوں اور ثقافتوں کے مابین طبقاتی بنیادوں پر اتحاد قائم کرتے ہوئے حق خودارادیت کے حصول اور جموں کشمیر کی ایک رضاکارانہ سوشلسٹ فیڈریشن کے قیام کیلئے جدوجہد کو استوار کرنا ہو گا۔ اس جدوجہد میں برصغیر جنوب ایشیا کے محنت کش اور نوجوان ہمارے قدرتی اتحادی ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن آزادی اور انقلاب کی اس جدوجہد کو سائنسی خطوط پر استوار کرنے میں اپنا تاریخی کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس اجلاس سے مرکزی صدر خیل بابر کے علاوہ سابق مرکزی صدور بشارت علی خان اور ابرار لطیف، چیف آرگنائزر سعد خالق، سینئر نائب صدر عدنان خان، ایڈیٹر عزم بدر رفیق، چیئرمین سٹڈی سرکل ڈاکٹر سعد الحسن، جوائنٹ سکرٹری انعم اختر، ڈپٹی چیف آرگنائزر ارسلان شانی،جنرل سیکرٹری ضلع باغ احسان ذاکر، مفید عباسی جنرل سیکرٹری ضلع مظفرآباد، چیئرمین جامعہ پونچھ عادل فاروق، رکن ایڈیٹوریل بورڈ مجیب خان، آرگنائزر ضلع باغ فائزہ خان، آرگنائزر جامعہ پونچھ عبدالوہاب، ضلعی چیئرمین مظفر آباد اذان علی، ضلعی وائس چیئرمین مظفر آباد عابد اعوان، چیئرمین راولپنڈی برانچ ملک اسرار، چیئرمین پونچھ میڈیکل کالج امید علی، سینئر وائس چیئرمین پونچھ میڈیکل کالج سید مصور حسین، مریم خان آرگنائزر سٹی کیمپس جامعہ پونچھ، مرکزی رہنما صائمہ بتول، بینش کاظم، ثوبی کامریڈ، احسن ممتاز ڈگری کالج باغ، دانش خلیل ڈگری کالج باغ، خالد اراہیم سیکرٹری اطلاعات جامعہ پونچھ، امن حبیب چیئرمین سٹڈی سرکل جامعہ پونچھ، کاشف پرویز ڈگری کالج باغ، محمد ریحان سیکرٹری مالیات جامعہ پونچھ، عاقب علی سیکرٹری مالیات پونچھ میڈیکل کالج، دانش فدا چیئرمین پوسٹ گریجویٹ کالج راولاکوٹ، حنان بابر آرگنائزر پوسٹ گریجویٹ کالج راولاکوٹ، طاہر خان، عثمان رشید، عدیل بیگ سینئر وائس چیئرمین جامعہ پونچھ، جواد سلیم ڈپٹی جنرل سیکرٹری جامعہ پونچھ، عمر خان ڈگری کالج ہجیرہ، ثوبان ڈگری کالج ہجیرہ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کو تمام اضلاع اور تعلیمی اداروں میں منظم کرتے ہوئے آزادی اور انقلاب کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنا بھرپور سیاسی اور انقلابی کردار ادا کیا جائے گا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts