پاکستان

حکومت مخالف تحریک؟

لال خان

بدھ 15 مئی کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے عید کے بعد حکومت کیخلاف ”بھرپور تحریک“ چلانے کا اعلان کیا ہے۔ 20 مئی کو بلاول نے تمام اپوزیشن رہنماؤں کو افطار ڈنر پہ مدعو کیا۔ جس کے بعد شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، حمزہ شہباز اور مولانا فضل الرحمان و دیگر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے بعد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کرنے پر تمام اپوزیشن پارٹیاں متفق ہیں۔ مولانا فضل الرحمان تو اس سے پہلے بھی اسلام آباد کی طرف مارچ کی باتیں کر رہے تھے۔ لیکن تحریکیں ایسی باتوں، نعروں  اور پارٹیوں سے نہیں ابھرا کرتیں۔ تحریکوں کے پھوٹنے، آگے بڑھنے اور کامیابی یا ناکامی کا انحصار بہت سے عوامل پہ ہوتا ہے۔

اپوزیشن پارٹیوں نے عید کے بعد احتجاج کا عندیہ دیا ہے۔

تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد جو کہرام مچا ہے اس کے عام لوگوں کی زندگیوں اور نفسیات پر اذیت ناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مقتدر سرکاری حلقوں اور موجودہ حکومت کے ”ایک پیج“ پر آنے کا بہت واویلا کیا جا رہا ہے۔ لیکن اس حکومت کی ظالمانہ مہنگائی، نجکاری اور بیروزگاری کے خلاف غم و غصہ اتنا بڑھ گیا ہے کہ اس کے بڑی بغاوت میں پھوٹ پڑنے کے امکانات ابھر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں اور نرسوں سے لے کے اساتذہ تک ملک کے مختلف محکموں اور حصوں میں ہڑتالیں جاری ہیں۔ حزب اختلاف کے رہنما (جن کا اپنا تعلق بھی اسی حکمران طبقات سے ہے) بھی کسی بڑی تحریک کی پیش گوئی کر رہے ہیں اور اس کو ایک محتاط انداز سے مہمیز دینے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن وہ جہاں حکومت کو ڈرا رہے ہیں وہاں خود بھی اندر سے ڈر رہے ہیں۔

بلاول کے افطار ڈنر کے موقع پر خاقان عباسی کا یہ بیان اِس سیاست کے مطیع و مصالحانہ کردار اور خوف کی غمازی کرتا ہے کہ ہم صرف احتجاج کریں گے‘ حکومت گرانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

موجودہ حکومت خود شدید بحرانی کیفیت سے دوچار ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں جابر آمریتیں‘ کمزور سویلین حکومتیں اور آدھے تیتر آدھے بٹیر قسم کے نیم فوجی نیم سویلین سیٹ اپ آتے جاتے رہے ہیں۔ یہ تمام ڈھانچے پاکستان کے حکمران طبقات، ریاستی ادارے اور سامراجی قوتیں اپنے مفادات کے مطابق مینوفیکچر کرتی رہی ہیں۔ سب کے سب کوئی دوررس ترقی اور استحکام دینے میں ناکام رہے ہیں۔ یہ تجربات اور ان کی ناکامیاں بنیادی طور پہ پاکستان کی سرمایہ داری کی تاریخی ناکامی کی غمازی کرتی ہیں۔

آج کل بظاہر عمران خان کی قیادت میں موجود سیٹ اپ ایک جابرانہ سوچ، مخفی فسطائیت، اخلاقی پستی اور ثقافتی بدتہذیبی پر مبنی ہے۔ لیکن اتنی ڈھٹائی اور جبر سے اسے مسلط کرنے کے باوجود بھی حکمرانوں کو خوف لاحق ہے کہ کہیں کوئی ایسی بغاوت نہ پھوٹ پڑے جس سے نہ صرف یہ مصنوعی سیاسی ڈھانچے زمین بوس ہو جائیں بلکہ معیشت، سیاست اور ریاست سمیت سارا نظام ہی خطرے میں پڑ جائے۔

17 مئی کو بلوچستان کی صوبائی اپوزیشن اور انجمن تاجران نے بڑھتی مہنگائی اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی۔ 18 مئی کی خبروں کے مطابق کوئٹہ شہر میں زیادہ تر دکانیں بند رہیں اور ٹریفک معمول سے خاصی کم رہی۔

لیکن پیسے کی اِس سیاست کی حزب اختلاف زیادہ سے زیادہ حکومت کی تبدیلی چاہتی ہے یا اپنی ایجی ٹیشن کو مقتدر حلقوں سے صرف بارگیننگ کے لئے استعمال کرنا چاہتی ہے۔ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کے لیڈر بار بار کہہ چکے ہیں کہ وہ اس نظام کو بچانا چاہتے ہیں۔ یعنی ان کی تحریک نظام گرانے کے لئے نہیں بچانے کے لئے ہو گی۔ اس کے معنی صاف ظاہر ہیں: یہ بحران زدہ استحصالی معیشت بھی باقی رہی گی اور ناگزیر طور پہ آئی ایم ایف کا جبر بھی قائم رہے گا۔

دراصل پی ٹی آئی کی حکومت کے تحت اس قدر افراتفری اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہوچکی ہے کہ مقتدر قوتوں کے کچھ دھڑے اب سنجیدگی سے ’تبدیلی‘ کے بارے میں سوچنے لگے ہیں۔ لیکن اپوزیشن کی ایجی ٹیشن کی مفاد پرستانہ روش کا اظہار اس حقیقت سے ہوتا ہے کہ مہنگائی و بیروزگاری کے خاتمے کا کوئی انقلابی پروگرام تو درکنار سرمایہ دارانہ اصلاحات کی کوئی ٹھوس پالیسی بھی پیش نہیں کی گئی ہے۔ اور اُن کی اپنی حکومتوں میں بھی حالات کوئی اتنے سہل نہیں تھے کہ اب وہ احتجاج کی کال دیں تو لوگ دوڑے چلے آئیں۔

محنت کش طبقہ روز روز تحریکیں برپا نہیں کرتا۔ ان کے لئے یہ ایک سنجیدہ ایشو ہوتا ہے۔ بلکہ زندگی موت کا مسئلہ ہوتا ہے۔ لیکن اس ملک میں ٹریڈیونینوں کی خستہ حالی اس نہج کو پہنچ چکی ہے کہ اس وقت ایک فیصد سے بھی کم محنت کش کسی یونین میں شامل ہیں۔ پچھلی تقریباً چار دہائیوں کی فوجی و جمہوری حکومتوں نے ٹھیکیداری نظام لاگو کر کر کے جہاں محنت کش طبقے کے استحصال کو انتہاؤں تک پہنچا دیا ہے وہاں ان کی انجمن سازی کے اداروں کو بھی براہِ راست یا بالواسطہ طریقوں سے کچلا گیا ہے۔ اور مروجہ سیاست اتنی مہنگی ہو گئی ہے کہ عام آدمی کا اس میں داخلہ ویسے ہی ناممکن بنا دیا گیا ہے۔

بائیں بازو کے حلقوں میں یہ بات بہت دہرائی جاتی ہے کہ کوئی بڑی ٹریڈ یونین یا انقلابی پارٹی نہیں ہے جو تحریک برپا کر سکے (یا اس کی قیادت کر سکے)۔ لیکن تاریخ گواہ ہے کہ انقلابی پارٹیوں اور قیادتوں کی عدم موجودگی میں بھی تحریکیں ابھرتی ہیں اور انقلابات معاشروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔ دہائیوں پرانی آمریتوں کو چند دنوں میں اکھاڑنے والی الجزائر اور سوڈان جیسی تحریکیں، جو تادمِ تحریر جاری ہیں، سب کے سامنے ہیں۔

انقلابی تحریکیں کئی معاشی، سیاسی، ثقافتی و سماجی عوامل کے مخصوص امتزاج سے ابھرتی ہیں۔ لازمی نہیں کہ غربت اور بھوک انقلابات کو جنم دے۔ یہ بھی ضروری نہیں کہ نسبتاً بہتر حالات اور بظاہر استحکام کے ادوار میں کوئی تحریک نہ ابھر سکے۔ 1968ء کا سال عالمی سرمایہ داری کے معاشی عروج کی انتہا تھی لیکن پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں انتہائی جارحانہ انقلابی تحریکیں ابھریں۔

لیکن ایک بات طے ہے کہ انقلابی قیادت کی عدم موجودگی میں کوئی تحریک استحصالی نظام کا خاتمہ نہیں کر سکتی۔ اسے وقتی مطالبات مان کے زائل کر دیا جاتا ہے، تھکا تھکا کے مار دیا جاتا ہے یا موقع ملنے پہ کچل دیا جاتا ہے۔

آج پاکستان میں بہت بڑے نہ سہی لیکن بائیں بازو کے کئی اصلاح پسند رجحانات موجود ہیں۔ بہت زیادہ قوتیں نہ ہونے کے باوجود انقلابی سوشلزم کا رحجان بھی ایک ملک گیر تنظیم کا حامل ہے۔ انقلابی تنظیموں کی کمزوری کی صورت میں اچانک اور خودرو انداز میں بھی تحریک ابھر سکتی ہے۔ جو شروعات سے ہی بہت وسیع ہجم کی حامل ہو سکتی ہے۔ یا بعض اوقات چھوٹی تحریکیں جڑ کے ایک بڑی تحریک میں بدل جاتی ہیں۔ ایسی تحریکوں میں مداخلت کرتے ہوئے انہیں منظم کرنا اور ان کے فوری مطالبات کو انقلابی پروگرام سے جوڑنا انقلابیوں کا فریضہ ہوتا ہے۔ اسی عمل سے انقلابی قوتیں آگے بڑھ سکتی ہیں اور حکمران طبقے کی کسی شعبدہ باز پارٹی یا شخصیت کو اسے ہائی جیک کرنے سے روک سکتی ہیں۔

لیکن بالعموم کوئی تحریک جتنی تکالیف اور جبر کو چیر کے ابھرتی ہے اس کی قوت کا معیارِ اثر (مومینٹم) اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے۔ مروجہ سیاست سمیت اِس نظام کے تمام ادارے اور شخصیات جس قدر بے نقاب ہو چکے ہیں اس کے پیش نظر نیچے سے ابھرنے والی کسی بڑی تحریک کے ان کی گرفت میں آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ اگر ایسی کوئی تحریک کچھ ہفتے یا کچھ دن بھی جاری رہتی ہے اور وسعت اختیار کرتی ہے تو معاشی مطالبات سے سیاسی مطالبات تک کا سفر بہت تیزی سے طے کرے گی۔ اس کا طبقاتی کردار بھی بہت جلد نکھر کے سامنے آئے گا۔ ان حالات میں انقلابی قوتوں کی تیز بڑھوتری اور تحریک کی قیادت میں آنے کے راستے ہموار ہوں گے۔

لینن نے اس موضوع پہ لکھا تھا کہ ”چند ہزار انقلابی کارکنان کی پارٹی بھی تحریک میں سرگرم ہو کے محنت کش طبقے اور وسیع تر عوام تک اپنا پیغام پہنچا سکتی ہے۔ یہ وہ کیفیت ہوتی ہے جب عوام کا شعور بلند اور ہمت جوان ہوتی ہے اور انہیں انقلابی پروگرام پہ جیتا جاسکتا ہے۔“

ایسی تحریک شاید بہت سے پرانے انقلابیوں کو بھی جوان کر دے۔

Lal Khan
Website | + posts

ڈاکٹر لال خان روزنامہ جدوجہد کی مجلس ادارت کے رُکن تھے۔وہ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے انٹرنیشنل سیکرٹری اور تقریباً چار دہائیوں تک بائیں بازو کی تحریک اور انقلابی سیاست سے وابستہ رہے۔