لاہور(جدوجہد رپورٹ)سوئٹزر لینڈ میں قائم صحافیوں کے حقوق کیلئے کام کرنیوالے ایک عالمی ادارے پریس ایمبلم کمپئین (پی ای سی)نے بتایا ہے کہ یکم مارچ سے نومبر تک کورونا وائرس سے دنیا کے 56 ممالک میں 500 سے زائد صحافی ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ نومبر میں کم از کم 47 میڈیا ورکرز کی جان چلی گئی۔
پیرو میں سب سے زیادہ 93 صحافیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ 51 صحافیوں کی اموات کے ساتھ بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ برازیل میں 43، ایکواڈور 41، بنگلہ دیش 39، میکسیکو 33، امریکہ 25، پاکستان 12، پانامہ 11، برطانیہ 10، نائجیریا 8، افغانستان، ڈومینیکن ریپبلک اور ہنڈوراس میں 7، ارجنٹائن، نکاراگوا اور وینزویلا میں 6، کولمبیا، فرانس، روس اور سپین میں 5 اور اٹلی میں 4 صحافی کورونا وائرس کی وجہ سے موت کا شکار ہوئے ہیں۔
پی ای سی نے نیپال، کیمرون، مصر، گوئٹے مالا، ایران اور ایل سلواڈور میں کم ز کم تین اموات کی نشاندہی کی ہے۔ الجیریا، انڈونیشیا، مراکش، پیراگوئے، جنوبی افریقہ اور سویڈن میں دو دو ہلاکتیں ہوئی ہیں، آسٹریا، بلجیم، بلغاریا، کینیڈا، چلی، جمہوریہ کانگو، جرمنی، عراق، اسرائیل، جاپان، قازقستان، کینیا، کرغزستان، لبنان، پرتگال، سعودی عرب، سوئٹزرلینڈ، تاجکستان، ٹوگو، ترکی اور زمبابوے میں کم از کم ایک ہلاکت کی نشاندہی کی گئی ہے۔