لاہور (جدوجہد رپورٹ) ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے اربوں ڈالر کے عطیات کے اعلان کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہنے والے ایمیزون کے سی ای او جیف بیزوس کی اپنی کمپنی ’ایمیزون‘ نے گزشتہ سال 465 ملین پاؤنڈ پلاسٹک ویسٹ پیدا کیا۔
ایمیزون کے پیدا کردہ پلاسٹک ویسٹ سے 22 ملین پاؤنڈ پلاسٹک ویسٹ میٹھے پانی کے ذخائر اور سمندر میں ڈالا گیا۔ ہر 70 منٹ میں پلاسٹک پیکیجنگ سے بھری ایک وین کے برابر پلاسٹک ویسٹ آبی گزر گاہوں اور سمندروں میں پھینکا جا رہا ہے۔
یہ اعداد و شمار الجزیرہ پر شائع ہونیوالی ’اوسیانا‘ کی ایک رپورٹ میں بتائے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سمندری جانور یہ پلاسٹک کھانے کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے نوے فیصد سمندری پرندے پلاسٹک کھانے کی وجہ سے ہلاک ہوئے جبکہ 52 فیصد کچھوؤں کی ہلاکت بھی پلاسٹک کھانے کی وجہ سے ہوئی۔