خبریں/تبصرے

علی وزیر کی درخواست ضمانت پر سماعت 5 مارچ تک ملتوی، پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کا امکان

لاہور (جدوجہد رپورٹ) کراچی میں زیر حراست ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت پر سماعت آئندہ جمعہ تک موخر کر دی گئی ہے۔ جمعہ کے روز سندھ ہائی کورٹ میں انکی درخواست ضمانت پر کارروائی کے بغیر ہی سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کر دی گئی۔ ادھر ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات میں حق رائے دہی کے استعمال کیلئے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ یہ پروڈکشن آرڈر 2 اور 3 مارچ کیلئے جاری کئے جائیں گے۔

جمعرات کے روز علی وزیر کی درخواست ضمانت پر سندھ ہوئی کورٹ میں کئی گھنٹے تک سماعت جاری رہنے کے بعد جمعہ کے روز تک ملتوی کر دی گئی تھی۔ جمعرات کے روز علی وزیر کی عدالت میں پیشی کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر علی وزیر کی رہائی کے مطالبے پر مشتمل ٹرینڈ کئی گھنٹے تک پاکستان میں پہلے نمبر پر رہا۔ ہزاروں ٹویٹر صارفین نے علی وزیر کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ تاہم جمعرات کے روز علی وزیر کی درخواست ضمانت پر سماعت عدالتی کارروائی کے بغیر ہی ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ بائیں بازو کے معروف رہنما علی وزیر فاٹا سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ممبر قومی اسمبلی ہیں، وہ فاٹا سے ابھر نے والی پشتون تحفظ موومنٹ کے بھی سرگرم رہنما ہیں۔ انہیں دسمبر میں پشاور سے گرفتار کیا گیا تھا، ان کے خلاف کراچی میں پی ٹی ایم کا جلسہ منعقد کروانے اور سکیورٹی اداروں کے خلاف تقریر کرنے کے الزامات میں مقدمہ درج ہے۔

علی وزیر نے چند روز قبل جیل سے اپنے ساتھیوں کے نام جاری پیغام میں کہا تھا کہ ”ہم ایک طویل جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہمارے خلاف مقامی و عالمی سامراجی اداروں اور حکمرانوں نے یلغار کی ہوئی ہے، لیکن ان کا ہر حملہ ہمارے جوش میں اضافے کا ہی سبب بنتا ہے۔ ہم نے ایک لمبا سفر طے کر لیا، منزل اب زیادہ دور نہیں، پیچھے مڑ کر دیکھنے تک کے ہم متحمل نہیں ہو سکتے۔ ظلم و جبر کے خلاف متحد رہو اور مضبوط رہو۔ ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے آگے بڑھتے رہو۔ ہم نے ظلم، جبر و محرومیوں کے خلاف جدوجہد کا آغاز جس انداز اور حکمت عملی سے کیا تھا ہمارا آج بھی اسی پر یقین ہے۔ نہ ہمارا راستہ بدلا ہے اور نہ ہی ہماری منزل۔ محرومیوں کے خاتمے والا سوشلسٹ نظام ہی ہمارا نصب العین ہے۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts