خبریں/تبصرے

غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں سے 244 ملین ڈالر کا نقصان

لاہور (جدوجہد رپورٹ) فلسطین کی وزارت مواصلات نے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 244ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ گزشتہ 12روز سے ہونے والے اسرائیلی فوج کے 1615فضائی حملوں میں مجموعی طور پر 1174مکانات مکمل تباہ ہو گئے جبکہ 7073مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔اسرائیلی بمباری سے 156رہائشی عمارتیں، 73سرکاری دفاتر، 57سکول، 33صحافتی دفاتر اور متعدد طبی مراکز بھی تباہ ہو گئے ہیں۔

ٹیلی سور کے مطابق فلسطینی حکام نے بتایا کہ 120سے زائد نجی گاڑیاں تباہ ہوئیں، جس کے نتیجے میں 5.5ملین ڈالر کا نقصان ہوا، 8مساجد کو بم حملوں سے نشانہ بنایا گیا جس سے 50لاکھ امریکی ڈالر کا نقصان ہوا۔

توانائی اور مواصلات کے شعبے میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ 18ملین امریکی ڈالر، زرعی علاقوں اور کھیتوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ 22ملین ڈالر، کاروباری اور تجارتی دفاتر پرحملوں کے نتیجے میں ہونے والا نقصان 27ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔

اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 227فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 100سے زائد خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری طرف حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کے نتیجے میں 12اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts