حارث قدیر
امریکہ
زندہ باد امریکہ
ہر مرض دا ٹیکہ
زندہ باد امریکہ
(استاد دامن)
پینٹاگون کے ایک اعلیٰ افسر نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکہ کو فوجی اڈے فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ امریکہ فوجی اڈوں کے ذریعے افغانستان پر اپنی نظر رکھے گا۔
ڈان کے مطابق انڈوپیسیفک امور کے اسسٹنٹ سیکرٹری دفاع ڈیوڈ ایف ہیلوی نے گزشتہ ہفتے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بتایا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنی بات چیت جاری رکھے گا کیونکہ اس کا افغانستان میں امن کی بحالی میں اہم کردار ہے۔
وہ ایک سینیٹر کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے افغان عمل کی حمایت کی اور پاکستان نے امریکہ کو افغانستان میں موجود افواج کی مدد کرنے کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ”ہم پاکستان کے ساتھ اپنی بات چیت جاری رکھیں گے کیونکہ مستقبل میں افغانستان میں قیام امن کیلئے ان کی مدد اور شراکت اہم ثابت ہوگی۔“
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر جو بائیڈن نے رواں سال 11ستمبر تک امریکی اور نیٹو کے تمام فوجیوں کے افغانستان سے انخلاء کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔
امریکہ کی جانب سے پاکستان میں فوجی اڈوں کی مانگ کی خبر ’روزنامہ جدوجہد‘ میں ’ٹی ایف ڈی‘ کے ذرائع کے حوالے سے شائع کی گئی تھی۔ حالیہ امریکی عہدیدار کے بیان کے بعد اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ پاکستان امریکہ کو فوجی اڈے دینے پر رضامند ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان ماضی میں نیٹو سپلائی لائن اور پاکستان کے علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے رہے ہیں۔