لاہور (جدوجہد رپورٹ) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے وزیر اعلیٰ سندھ کے نام ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے انسانی حقوق کے کارکن اور عوامی ورکرز پارٹی کے صوبائی کمیٹی کے رکن سینگار نوناری کی فی الفور بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
مکتوب میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ 26 جون سے تاحال سینگار نوناری کے خاندان کو ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔
سینگار نوناری عوامی ورکرز پارٹی کے لیبر سیکرٹری ہیں اور گزشتہ ماہ 26 جون کو صبح 3 بجے انہیں انکے گھر سے اغوا کیا گیا تھا۔ انکی اہلیہ کے مطابق سادہ لباس میں ملبوس 15 سے زائدافراد نے ان کے گھر کا دروازہ توڑا اور انکی آنکھوں پر پٹی باندھ کر ساتھ لے گئے۔
سینگار نوناری بحریہ ٹاؤن کے قبضہ گیری کے خلاف احتجاج کرنے والے رہنماؤں میں صف اؤل میں شریک تھے۔ انکی اہلیہ نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انکے خاوند کو فوری بازیاب کر کے فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے۔
سینگار نوناری کی بازیابی کیلئے اندرون و بیرون ملک احتجاج کیا جا رہا ہے۔ بائیں بازو کے کارکنان اور انسانی حقوق کے اراکین ان کی فوری طور پر بازیابی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔