لاہور (جدوجہد رپورٹ) ہالینڈ میں مقیم پاکستانی شہری وقاص گورایہ کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں برطانیہ میں گرفتار ایک پاکستانی شہری گوہر خان کو آج عدالت پیش کیا جا رہا ہے۔ برطانوی حکام کے مطابق گوہر خان پرپاکستانی فوج پر تنقید کرنے والے ایک پاکستانی بلاگر وقاص احمد گورایا کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔
ایک سرکاری ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ”میٹروپولیٹن پولیس کی کاؤنٹر ٹیررازم کمانڈ کی تحقیقات کے بعد ایک شخص پر قتل کی سازش کاالزام عائد کیا گیا ہے۔“
پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ ”اس شخص کی شناخت محمد گوہر خان کے نام سے ہوئی ہے، جو مشرقی لندن کے علاقے فاریسٹ گیٹ کا رہائشی ہے۔“
محمد گوہر خان کو 19 جون کو ویسٹ منسٹرمجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں انہیں 19 جولائی کو لندن کی سنٹرل فوجداری عدالت میں پیش کرنے کیلئے ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔
پولیس کا خیال ہے کہ محمد گوہر خان نقد ادائیگی کے بدلے میں وقاص گورایا کے قتل پر راضی ہو گیا تھا، تاہم ادائیگی یا رقم کی تعداد سے متعلق بات نہیں کی گئی ہے۔