خبریں/تبصرے

ادب کا نوبل انعام تنزانیہ کے عبدالرزاق گرنہ کے نام

سٹاک ہولم (نمائندہ جدوجہد) تنزانیہ میں پیدا ہونے والے ناول نگار عبدالرزاق گنرہ نے ادب کا نوبل انعام جیت لیا ہے۔ ان کی اہم تحریروں کے موضوعات کلونیل ازم اور پناہ گزینوں کی زندگی پر مبنی ہیں۔

عبدالرزاق زنجبار کے جزیرے میں پیدا ہوئے لیکن 1960ء کی دہائی کے آخر میں پناہ گزین کی حیثیت سے برطانیہ میں آباد ہو گئے تھے۔

انہوں نے 10 ناول اور متعدد مختصر کہانیاں لکھی ہیں۔ انہوں نے اپنے 1994ء کے ناول ”پیراڈائز“ کی وجہ سے شہرت حاصل کی، جو پہلی جنگ عظیم کے دوران نوآبادیاتی مشرقی افریقہ کے حالات پر لکھا گیا تھا۔ اس ناول کو بکر پرائز آف فکشن کیلئے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔

بعض مبصرین کے مطابق عبدالرزاق گنرہ کو یہ انعام دے کر نوبل کمیٹی نے کوشش کی ہے کہ افروایشیائی ادب کو بھی تسلیم کیا جائے۔ یاد رہے 1901ء میں پہلا نوبل انعام دیا گیا تھا، 120 سالوں کے دوران یہ انعام جیتنے والوں میں سے 95 فیصد سے زائد یورپی اور شمالی امریکی ادیب شامل تھے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts