سٹاک ہولم (فاروق سلہریا) امسال امن کا نوبل انعام روس کے صحافی دمتری ماروتوف اور فلپائن سے تعلق رکھنے والی صحافی ماریا رسا کو دیا گیا ہے۔ یہ اعلان گذشتہ روز اوسلو میں کیا گیا۔
ماریا رسا ن(Maria Ressa) نے 2012ء میں ایک آن لائن اخبار ریپلرز (Rapplers) کا آغاز کیا۔ یہ اخبار نہ صرف فیک نیوز کے خلاف جدوجہد کا ایک پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے بلکہ فلپائن کے موجودہ صدر کی ظالمانہ پالیسیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے بھی مشہور ہوا ہے۔
اسی طرح دمتری ماروتوف (Dmitry Muratov) روس کے ایک معروف اخبار’Novaja Gazeta‘ کے مدیر ہیں۔ اس اخبار کا آغاز 1993ء میں ہوا۔ دمتری ماروتوف 1995ء سے اس کے ساتھ بطور مدیر وابستہ ہیں۔ یہ اخبار حکومتی بدعنوانیوں اور غیر جمہوری اقدامات کو بے نقاب کرنے کے لئے مشہور ہے۔ اس اخبار کو بے شمار دفعہ مختلف دھمکیاں بھی ملی ہیں اور یہ اخبار حکومت کے نشانے پر رہا ہے۔
صحافیوں کو نوبل انعام دینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے جرنلزم کی پروفیسر الزبتھ ادے (Elisabeth Eide) نے کہا یہ بہت اچھا فیصلہ ہے، اس سے اچھے فیصلے کی توقع نہیں کی جا سکتی تھی۔
نارویجن صحافی اور فلم میکر ارلنگ بورثے (Erling Borge) کا کہنا تھا: ”آج سنجیدہ اور تحقیقاتی صحافت کے لئے ایک شاندار دن ہے“۔
انعام کا اعلان کرنے کے لئے نوبل کمیٹی کی جانب سے جاری گئے بیان کو اس لنک پر پڑھا جا سکتا ہے۔