لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان کے صوبہ ننگر ہار میں شادی کی ایک تقریب میں طالبان کی فائرنگ کے نتیجہ میں کم از کم 3 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہو گئے ہیں۔
’طلوع نیوز‘ کے مطابق طالبان نے یہ فائرنگ شادی کی تقریب میں موسیقی چلائے جانے کی وجہ سے کی اور فائرنگ کرنے والے طالبان اراکین قریبی چوکی سے آئے تھے۔
متاثرہ خاندان کے ایک رکن نور حضرت نے بتایا کہ ”میں نے ان سے کہا کہ وہ نوجوان ہیں انہیں موسیقی بجانے دیں، تاہم انہو ں نے مجھے پیچھے دھکا دیا اور فائرنگ کر دی، جس سے کچھ لڑکے زخمی ہوئے اور 2 ہلاک ہو گئے۔“
ایک اور عینی شاہد عبدالبصیر کے مطابق ”فائرنگ کا یہ واقعہ تقریباً نصف شب پیش آیا۔ 3 طالبان گھر میں داخل ہوئے، ان میں سے ایک نے موسیقی کے آلات کو توڑااور پھر انہوں نے تقریباً 50 افراد کے اجتماع پر فائرنگ کر دی۔“
دوسری طرف طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ کے الزام میں 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔