لاہور (جدوجہد رپورٹ) معروف صحافی اسد علی طور نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی تینوں بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور ٹی ایل پی کو مستقبل میں آر ایس ایس کی طرز پر استوار کرنے کیلئے مفتی منیب کو سربراہی سونپے جانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اپنے ’وی لاگ‘ میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ الیکشن میں مفتی منیب الرحمان موجودہ کالعدم جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی سربراہی کرینگے۔ اسٹیبلشمنٹ مفتی منیب کی سربراہی میں موجود اس ڈنڈا بردار فورس کو صرف اپنے حمایت یافتہ امیدواران کو جیتنے کیلئے استعمال کریگی۔
انکا دعویٰ ہے کہ مستقبل میں ٹی ایل پی کو آر ایس ایس کی طرز پر استوار کیا جائے گا تاکہ ڈنڈا بردار فورس کے زیر سایہ ایک نئی سیاسی قوت کھڑی کی جائے اور صدارتی نظام لاتے ہوئے حکومت میں براہ راست فوجی اسٹیبلشمنٹ کے لوگوں کو بھی اہم عہدوں پر براجمان کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاکستان میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کی پیروی کی جا رہی ہے، اسی طرح پر انٹرنیٹ قوانین لائے گئے ہیں، مین سٹریم میڈیا کو آختہ کرنے کیلئے وہی پالیسی اپنائی گئی جو نریندر مودی کی بی جے پی استعمال کر رہی ہے۔ اب بی جے پی کی ہی طرز پر ایک سیاسی جماعت کی بھی تیاری کی جا رہی ہے۔