لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) دی فرائیڈے ٹائمز کے معروف کالم ’سچ گپ‘ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان کے گروہ میں موجود چالاک اور شاطر لوگ عمران خان کے اقتدار کے خاتمے کے امکان سے گھبراہٹ کا شکار ہو گئے ہیں اور اپنے اکاؤنٹس اور دیگر معاملات کو سیدھا کرنے میں مصروف ہیں۔
عمران خان کا گروپ اب واضح طور پر دو کیمپوں میں تقسیم ہو چکا ہے۔ ایک گروپ اپنے معاملات سمیٹ رہا ہے اور اپنے اثاثے منتقل کر رہا ہے۔
یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ لانچوں کے ذریعے عرب امارات میں اثاثے منتقل کئے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ اثاثے فروخت کرتے ہوئے رقوم منتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
کالم میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی ہمیشرہ علیمہ خان، جو اپنے بھائی سے بات چیت نہیں کرتیں، لیکن کئی دہائیوں سے جاری فنڈ ریزنگ اسکیم میں سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والوں میں سے ہیں۔ دونوں بہن بھائی وقتی مسائل کو عارضی سمجھ رہے ہیں اور اقتدار کو برقرار رکھنے کیلئے پر اعتماد ہیں۔
کالم میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ عمران خان اپنے تمام پرانے گھریلو عملے کو برطرف کر چکے ہیں، برطرف ہونے والوں میں ان کا کئی دہائیوں سے کام کرنے والا ڈرائیور بھی شامل ہے، جو تمام معاملات سے باخبر تھا۔