لاہور (جدوجہد رپورٹ) معروف صحافی اسد علی طور نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے 40 سے زائد اراکین پارلیمان وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں۔ ان اراکین نے مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی سے رابطے بھی استوار کئے ہیں۔
اپنے ’وی لاگ‘ میں انکا کہنا تھا کہ 15 سے 16 اراکین پارلیمان نے مسلم لیگ ن سے رابطہ کر کے آمدہ الیکشن میں ن لیگ کا ٹکٹ دیئے جانے کی صورت تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے، اسی طرح اتنے ہی اراکین پارلیمان نے پیپلزپارٹی سے بھی اسی نوعیت کا رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جوائنٹ سیشن میں 40 اراکین کی شرکت نہ کرنے کی معلومات وزیر اعظم کو خفیہ اداروں کی حمایت کے بغیر ہی حاصل کرنا پڑی، انہوں نے ڈپٹی کمشنروں اور ڈی پی اوز کو ممبران قومی اسمبلی اور سینیٹرز کے پاس بھیج کر جوائنٹ سیشن میں شرکت کی یقین دہانی لینے کی کوشش کی، جس پر 40 اراکین نے اس طریقہ کو اپنی توہین قرار دیتے ہوئے سیشن میں شرکت سے انکار کا پیغام بھجوایا۔