خبریں/تبصرے

شربت گل کو اٹلی نے پناہ دے دی

لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) اٹلی کے حکام نے سبز آنکھوں والی ’افغان لڑکی‘ کے نام سے مشہور ہونے والے شربت گل کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کر دی ہے۔ شربت گل کی تصویر نیشنل جیوگرافک میں 1985ء میں افغانستان میں جنگوں کی علامت بن گئی تھی۔

’رائٹرز‘ کے مطابق اٹلی کے وزیر اعظم ماریو ڈریگی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شربت گل کی اٹلی آمد افغان شہریوں کو نکالنے کے وسیع پروگرام کا حصہ تھی۔

یاد رہے کہ امریکی فوٹوگرافر سٹیو میک کیری نے شربت گل کی تصویر اس وقت لی تھی جب وہ نوجوان تھیں اور پاک افغان سرحد پر پناہ گزین کیمپ میں رہتی تھیں۔

شربت گل کی شناخت 2002ء میں اس وقت ہوئی جب میک کیری اس علاقے میں 2002ء میں واپس آئے اور اس کا سراغ لگایا۔

2016ء میں پاکستان نے شربت گل کو ملک میں رہنے کی کوشش میں جعلی قومی شناختی کارڈ بنوانے پر گرفتار کیا۔ تاہم اس وقت کے افغان صدر اشرف غنی نے انکی افغانستان واپسی کا خیر مقدم کیا اور وعدہ کیا تھا کہ وہ وطن عزیز میں عزت اور سلامتی سے زندگی گزارنے کیلئے ان کو اپارٹمنٹ دینگے۔

افغانستان پر طالبان کے دوبارہ قبضہ حاصل کرنے کے بعد شربت گل اٹلی پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ہیں اور اب اٹلی نے انہیں پناہ دینے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts