خبریں/تبصرے

شہباز گل نے خواتین صحافیوں کو ہراساں کیا، استعفیٰ لیا جائے: پی ایف یو جے

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی شہباز گِل کیخلاف خواتین صحافیوں کو ہراساں کئے جانے کے الزامات کے بعد ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

منگل کے روز مشہور نیوز اینکر عائشہ خالد نے شہباز گل پر الزام عائد کیا کہ وہ خواتین صحافیوں کو ہراساں کرتے ہیں۔ 24 نیوز کے مطابق عائشہ خالد کا کہنا تھا کہ ”خواتین صحافیوں کو ہراساں کرنا ایک معمول بن گیا ہے اور شہباز گل اس رجحان کو متعارف کروا رہے ہیں۔ شہباز گل اکثر خواتین صحافیوں کو ہراساں کرنے میں ملوث رہتے ہیں۔“

دریں اثنا پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کی جانب سے خواتین صحافیوں اور اینکر پرسنز کو ہراساں کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی اور شہباز گل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔

پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ”شہباز گل کو فوری طور پربطور معاون خصوصی وزیراعظم عہدے سے ہٹایا جائے کیونکہ متعدد بار یہ ثابت ہو گیا ہے کہ وہ اس عہدے اور حکومتی ترجمانی کے اہل نہیں ہیں۔“

انکا کہنا تھا کہ ”معاون خصوصی برائے وزیراعظم اور حکومتی ترجمان کا یہ کام نہیں کہ وہ صحافیوں کو ہراساں کر کے ریاست کے دو اہم اداروں کے مابین خلیج بڑھائے بلکہ اسکا کام ان کے مابین تعلقات کو بہتر کرنا اور حکومت اور میڈیا کے مابین فاصلوں کو دورکرنا ہو گا ہے۔“

پی ایف یو جے نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایسے شخص کو اس عہدے پر تعینات کرے جو میڈیا اور حکومت کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے موزوں ہو۔

Roznama Jeddojehad
+ posts