اداریہ

لوگو! طالبان خان کی معاشی دہشت گردی کے خلاف سڑکوں پر نکلو

اداریہ جدوجہد

پٹرول کی قیمت میں یک مشت بارہ روپے فی لیٹر اضافے نے پاکستانی شہریوں کے ہوش اڑا دئیے ہیں۔ اسے معاشی دہشت گردی ہی قرار دیا جا سکتا ہے۔یہ دہشت گردی آئی ایم ایف کی ایما پر وہ معاشی طالبان کر رہے ہیں جو موجودہ ہائبرڈ رجیم نے مسلط کر رکھے ہیں۔

نتیجہ یہ کہ اس حکومت کا ہر آنے والا دن گزرے ہوئے دن سے برا ثابت ہوا ہے۔

بدقسمتی یہ ہے کہ نام نہاد حزب اختلاف بھی عملی طور پر مہنگائی کے سوال پر طالبان خان کی قیادت میں چلنے والے ہائبرڈ رجیم کا حصہ ہے۔ یہ سب آئی ایم ایف کی نوکری کرنا چاہتے ہیں۔ ان سب کا معاشی ایجنڈا ایک ہے۔ مسلم لیگ نواز، پیپلز پارٹی، بنیاد پرست مذہبی جماعتیں، ق لیگ، ایم کیو ایم…سب کے سب ایک نقطے پر متفق ہیں: آئی ایم ایف کی عالمی نوکری اور اسٹیبلشمنٹ کی مقامی نوکری جاری رکھو۔ سب کا ایک مشن ہے: عوام کی جیبوں سے پیسے نکالو، اپنا حصہ بٹورو، باقی سامراج کو قرضے کے سود کی شکل میں ادا کر دو۔ سو لوگ دن بہ دن غریب اور آئی ایم ایف کے یہ معاشی منشی دن بہ دن امیر ہو رہے ہیں۔

مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ اس قدر برے معاشی حالات پاکستان کی تاریخ میں کبھی دیکھنے کو نہیں ملے۔ اس سارے سلسلے کو روکنے کا ایک ہی راستہ بچا ہے کہ ملک بھر میں عام شہری سڑکوں پر نکلیں۔

عوام کو سڑکوں پر نکلنے کی کال نہ پیپلز پارٹی دے گی نہ نواز لیگ۔ وہ شہریوں کو صرف ووٹر کی حد تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔ یہ آواز عوامی حلقوں اور عام شہریوں کو خود سے اٹھانا ہو گی۔

اسی طرح ہماری منظم محنت کش طبقے سے اپیل ہے کہ وہ عام ہڑتال کی تیاری کریں۔ اس وقت ملک میں اگر کوئی حقیقی سیاست ہے تو وہ عام لوگ کر رہے ہیں: جب عام انسان روٹی کی قیمت پر بات کرنے لگے تو سمجھیں میدانِ سیاست میں آگ لگی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سیاست کو عملی احتجاج کی شکل دی جائے۔

لوگو!نکلو! سڑکوں پر نکلو!

کھونے کے لئے کچھ نہیں بچا۔ پانے کے لئے پورا جہان ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts