خبریں/تبصرے

طالبعلم کے اغوا کیخلاف احتجاج کرنیوالے بلوچ طلبہ پر تشدد، متعدد زخمی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پنجاب یونیورسٹی لاہور میں بلوچ طلبہ کونسل کی کال پر احتجاج کرنے والے کئی طلبہ یونیورسٹی گارڈز کے مبینہ تشدد کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔

جمعرات کے روز یہ طلبہ دو دن قبل یونیورسٹی ہاسٹل سے اغوا ہونے والے بلوچ طالبعلم بیبگر امداد کی رہائی کیلئے احتجاج کر رہے تھے۔

بلوچ سٹوڈنٹس کونسل کے مطابق طلبہ اپنے ساتھی طالبعلم کی رہائی کیلئے پر امن احتجاج کر رہے تھے۔ طلبہ پر سکیورٹی گارڈز نے تشدد کیا جس کی وجہ سے کئی طلبہ زخمی ہوئے ہیں۔

بلوچ طلبہ کہنا تھا کہ پہلے یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹل سے طالبعلم کو اغوا کئے جانے میں سہولت کاری کی اور اب اس انتہائی سنجیدہ معاملہ پر احتجاج کرنے والے طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انسانی حقوق کی کارکن ایمان زینب مزاری نے پنجاب یونیورسٹی کے احاطہ میں زخمی حالت میں گرے ہوئے ایک طالبعلم کی ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بلوچ طلبہ کو پنجاب یونیورسٹی کے احاطہ میں پر امن احتجاج سے روکنے کیلئے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اسلام آباد میں بھی بلوچ طلبہ نے بیبگر امداد کی رہائی کیلئے احتجاج کیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts