سٹاک ہولم (فاروق سلہریا) پیر کے روز فن لینڈ کی وزیر اعظم ثنا مارین کے ڈرگ ٹسٹ کا رزلٹ سامنے آ گیا اور یہ ثابت ہو گیا کہ انہوں نے نشہ نہیں کیا تھا۔ کوکین سمیت اس ٹسٹ میں چار مختلف طرح کے نشوں بارے جانچ کی گئی۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ثنا مارین کو دوستوں کے ہمراہ ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو کے بعد ان پر حزب اختلاف اور دائیں بازو کے اخبارات نے شدید تنقید کی اور الزام لگایا گیا کہ انہوں نے اس پارٹی میں نشہ کیا تھا۔
اگلے روز تک یہ خبر عالمی میڈیا میں گونج رہی تھی۔ 36 سالہ ثنا مارین، جب دو سال قبل وزیر اعظم بنیں تو وہ دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم تھیں۔ اس کے علاوہ وہ جس مخلوط حکومت کی سربراہ بنیں، اس میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کی سربراہان خواتین تھیں۔ یہ حکومت خود کو فیمن اسٹ حکومت کہتی ہے۔
ویڈیو بارے گذشتہ جمعے کو ثنا مارین نے پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ وہ ڈانس پارٹی میں شریک ہوئیں جو کوئی بری بات نہیں اور انہوں نے شراب ضرور پی مگر نہ صرف اس پارٹی بلکہ زندگی میں بھی کبھی نشہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس حالت میں تھیں کہ اگر انہیں پارٹی سے نکل کر کسی سرکاری کام کے لئے جانا پڑتا تو وہ جا سکتی تھیں۔