لاہور (جدوجہد رپورٹ) ’ٹی ایف ٹی‘ کے معروف کالم ’سچ گپ‘ میں ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے تمام تر معمولات توہم پرستانہ بنیادوں پر طے کئے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے حوالے سے یہ کہا گیا ہے کہ کچھ دعائیں وزیر اعظم ہاؤس میں بڑے پیمانے پر پڑھی اور لکھی جا رہی ہیں۔ کب کیا کرنا ہے اور کب نہیں کرنا، کب باہر جانا ہے، کب مخصوص لوگوں سے ملنا ہے اور کب نہیں ملنا، کب کھانا کھانا ہے اور یہاں تک نہانے تک کے وقت پر بھی استخاروں اور دوسرے توہم پرستانہ طریقوں کی بنیاد پر عمل کیا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کیلئے سمری پر دستخط کیلئے بھی بغیر چاند کے رات کو موزوں قرار دیا گیا ہے اور عمران خان اب اس کوشش میں کامیاب ہو جائیں گے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کی سمری پر بغیر چاند کی رات کو دستخط کئے جائیں گے۔
کچھ روز قبل بنی گالہ میں ایک قوالی کا اہتمام کیا گیا، جس میں عمران خان اور ان کے چند مرد ساتھیوں نے شرکت کی اور یہ تعداد 25 کے قریب تھی۔ راحت فتح علی اور ان کے ہمنواؤں کو اس قوالی کیلئے بلایا گیا تھا۔ مذکورہ قوالی کا اہتمام عمران خان اس دوست نے کر رکھا تھا جو خود اس محفل قوالی میں ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے۔