راولاکوٹ (پ ر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کی مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کامریڈ انعم اختر نے کہا ہے کہ محنت کش خواتین کے عالمی دن کے موقع پر 8 مارچ کو این ایس ایف کے زیر اہتمام ریاست بھر میں اور بیرون ریاست بھی متعدد مقامات پر سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ انکا کہنا تھا کہ خواتین کو مسائل کے حل کے لئے خود آگے بڑھتے ہوئے سیاست میں عملی اور متحرک کردار ادا کرنا ہو گا۔
میڈیا کو جاری کردہ بیان میں جوائنٹ سیکرٹری کا کہنا تھا کہ این ایس ایف خواتین کی سیاسی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انعم اختر کا کہنا تھا کہ محنت کش خواتین کے عالمی دن کے موقع پر 8 مارچ کو این ایس ایف کے زیر اہتمام ریاست بھر میں اور بیرون ریاست بھی متعدد مقامات پر سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، ہجیرہ اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں ”خواتین کا سیاست میں کردار“ کے عنوان سے سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان سیمینارز کے دوران تاریخ میں خواتین کے سماجی و سیاسی کردار اور عہد حاضر میں جدوجہد کے تقاضوں پر سیر حاصل مباحثے تربیتی عمل کا حصہ رہیں گے۔ اس طرح خواتین کی سیاست کے میدان میں عملی شمولیت اور سیاسی تربیت کے حوالہ سے یہ سیمینارز اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔
انعم اختر کا مزیدکہنا تھا کہ طالب علموں اور نوجوانوں کی دیگر پرتوں اور بالخصوص خواتین سے اپیل ہے کہ وہ ان سیمینارز میں بھرپور شرکت کریں۔ تا کہ خواتین کے مسائل کے خلاف مستقبل کی سیاسی جدوجہد کو منظم کرتے ہوئے استحصالی نظام کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کی طرف بڑھا جا سکے۔
انعم اختر کا کہنا تھا کہ خواتین کا استحصال تاریخی طور پر نجی ملکیت کے آغاز سے جڑا ہے۔ این ایس ایف نجی ملکیت کے خاتمے تک جدوجہد کو منظم کرتے ہوئے آگے بڑھتی رہے گی۔ نجی ملکیت پر قائم سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کرتے ہوئے ایک غیر طبقاتی سماج کا قیام ہی عورت پر تہرے سماجی جبر سے نجات کا حقیقی ضامن ہو سکتا ہے۔